28 اکتوبر 2011 - 20:30

راولپنڈی سے جاری ہونیوالے بیان میں اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ بھی دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کے ان گذشتہ واقعات کا تسلسل ہے جن میں ملک کے ایک مسلمہ مکتب فکر، سنجیدہ، قانون پسند اور محب وطن طبقے کو گولیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ابنا: اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کے رہنما اور معروف سماجی و مذہبی شخصیت کوثر زیدی کی پاکستان چوک کراچی میں دہشتگردوں کے ہاتھوں شہادت پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحہ کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ بھی دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کے ان گذشتہ واقعات کا تسلسل ہے جن میں ملک کے ایک مسلمہ مکتب فکر، سنجیدہ، قانون پسند اور محب وطن طبقے کو گولیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ ریاست یا حکومت کے ذمہ داران شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔
اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ گذشتہ دنوں ذرائع ابلاغ کے ذریعہ مبینہ طور پر فرقہ وارانہ دہشتگردی پھیلانے کے جس ناپاک منصوبے کا انکشاف ہوا، یہ سانحہ بھی اسی سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہو سکتا ہے، تاہم عوام اپنے اتحاد و وحدت کے ذریعہ ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قاتلوں اور دہشتگردوں کے عزائم کو باہم متحد ہو کر ناکام بنا دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں اور قاتلوں کا کوئی مذہب و مسلک نہیں بلکہ ان کا مسلک دہشتگردی اور قتل و غارتگری کے سوا کچھ نہیں۔
علامہ ساجد علی نقوی نے شہید کوثر زیدی کے اہل خانہ اور سوگواروں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت اس سانحہ کے مرتکب قاتلوں کو بے نقاب کر کے تختہ دار پر لٹکائے اور آئندہ ایسے سانحات کی روک تھام کے لئے قاتلوں، دہشتگردوں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

............

/169