27 اکتوبر 2011 - 20:30

راولپنڈی سے جاری ہونے والے بیان میں اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ کے مرکزی ترجمان نے زور دیا ہے کہ ریاست اور حکومت کے ذمہ دار شرپسند عناصر کو فوری لگام دیں، کوئٹہ اور کراچی کے بڑے سانحات کے مرتکب قاتلوں کو منظر عام پر لایا جائے۔

ابنا:علامہ سید ساجد علی نقوی کے مرکزی ترجمان نے الیکٹرانک میڈیا کے ذریعہ مبینہ طور پر فرقہ وارانہ دہشتگردی پھیلانے کی سازش کے انکشاف پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایک مدت سے کہتے چلے آ رہے ہیں کہ ملک میں فتنہ و فساد،انارکی، بدامنی، لاقانونیت اور فرقہ واریت و فرقہ وارانہ دہشتگردی کے بانی اور پرچارک گروہ نے غلیظ نعرہ بازی، تکفیر سازی، اشتعال انگیزی اور قتل و غارت گری کے ذریعہ ملک کا امن و سکون تہہ وبالا کر رکھا ہے اور ملک کی داخلی سلامتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا کو مکدر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، مگر ہماری قیادت نے تدبر و تحمل، فہم و فراست اور مثبت انداز فکر کے ذریعے امت مسلمہ کے وسیع تر مفاد میں تہذیب و شائستگی اور اخلاقی اقدار کو ہمیشہ مقدم رکھا اور سینکڑوں شہداء کے جنازوں پر بھی اتحاد و وحدت کا درس دیتے ہوئے سب پر اپنے عمل و کردار کے ذریعے واضح کیا کہ ہم اس فرقہ وارانہ دہشتگردی سے متاثرہ ضرور ہیں لیکن اس میں فریق کبھی بھی نہیں رہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کے عروس البلاد میں فرقہ وارانہ فسادات اور نفرت کی آگ بھڑکانے کی سازش ملک کو تباہی و بربادی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے، لہذا ریاست اور حکومت کے ذمہ داروں کو چاہیے کہ وہ شرپسند، ملک دشمن اور قانون شکن عناصر کو فوری طور پر لگام دیں، ملک کے مختلف حصوں خاص طور پر کوئٹہ اور کراچی کے بڑے سانحات کے مرتکب قاتلوں اور انکے سرپرستوں کو منظر عام پر لا کر عبرتناک انجام سے دوچار کریں اور گرفتار دہشتگردوں کو رہائی کے پروانے دینے کی بجائے انہیں تختہ دار پر لٹکایا جائے، تاکہ ملک میں امن و سکون اور خوشحالی کا دور دورہ ہو اور عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔

...........

/169