ابنا: ترکی کے وان شہر میں اتوار کو آنے والے شدید زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران نے فوری طور پر اقدامات کئے اور زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے زلزلہ زدگان کی مدد کا ترکی کے حکام نے خیر مقدم کیا ہے۔اسلامی جمہوریہ ایران پہلا ملک ہے جس نے ترکی کے شہر وان میں زلزلہ آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مدد کے لئے فورا" اقدامات کئے اور ان کی مدد کے سلسلے میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا ہے۔ترکی کے زلزلہ زدگان کی مدد کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائیٹی کی طرف سے دوسری امدادی کھیپ پیر کے روز ترکی پہنچ گئی جس میں پانچ سو خیمے اور ڈیڑھ ہزار کمبل دیگر اشیا کے ساتھ شامل ہیں۔ اس سے پہلے ایران کی ہلال احمر سوسائیٹی کی طرف سے روانہ کی گئی ایک اور امدادی کھیپ اتوار کو ترکی پہنچی تھی اور ایک ایرانی امدادی ٹیم بھی ترکی جا چکی ہے۔اطلاعات کے مطابق ایران کی طرف سے بھیجے گئے خیموں میں ترکی کے بہت سے خاندانوں اور طلبا و طالبات نے پناہ لی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائیٹی کے امدادی عملے نے وان شہر پہنچنے کے بعد ملبے میں پھنسے افراد کی نجات کے سلسلے میں بڑے اہم اقدامات انجام دئے ہیں۔ ایران کی امدادی ٹیم نے اتوار کی رات کو ہی صوبۂ وان کے متاثرہ علاقے میں پہلا امدادی کیمپ بھی لگایا جو زلزلے سے متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کر رہا ہے۔اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام نے کہا ہے کہ ترکی کے زلزلہ زدگان کی مدد کے سلسلے میں کوئي محدودیت نہیں ہے۔اسی سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر احمدی نژاد نے پیر کی رات ترکی کے صدر عبداللہ گل سے ٹیلی فونی رابطہ کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ترکی کے زلزلہ زدگان کی ہر طرح کی مدد کے لئے تیار ہے۔اس ٹیلی فونی گفتگو میں ترکی کے صدر عبداللہ گل نے ترک عوام اور حکومت کے ساتھ صدر احمدی نژاد کی ہمدردی کے اظہار اور ایران کی طرف سے ترکی کے زلزلہ زدگان کے لئے کی جانے والی امدادی کوششوں کو سراہا جبکہ ترکی کے نائب وزیر اعظم بشیر آتالائی نے بھی شمال مغربی ایران کے صوبے مغربی آذربائیجان کے ایک اہم اور اعلی عہدیدار غلام حسین عماری کے ساتھ ترکی کے زلزلہ زدہ شہر وان میں ہونے والی ملاقات میں کہا ہے کہ زلزلے سے متاثر ہونے والے وان شہر اور اس کے آس پاس کے علاقوں کے افراد کی انسان دوستانہ امداد کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے کی جانے والی کوششیں قابل ستائش ہیں۔بشیر آتالائی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے سخت اور بحرانی حالات میں ہمیشہ ترکی کی مدد کی ہے کہا کہ بہت سے ممالک نے ترکی کے زلزلہ متاثرین کی مدد کا اعلان کیا ہے لیکن ایران پہلا ملک ہے جس نے وان کے زلزلہ متاثرین کے لئے انسان دوستانہ امداد ارسال کی ہے۔واضح ر ہے کہ ترکی کے وان شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں اتوار کے روز سات اعشاریہ دو شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق تین سو سے زیادہ افراد ہلاک اور تیرہ سو سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔..... /169
24 اکتوبر 2011 - 20:30
News ID: 274347
اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے ترکی کے زلزلہ زدگان کی مدد کا سلسلہ جاری ہے۔