19 اکتوبر 2011 - 20:30

لاہور… لاہور میں ڈینگی بخار نے آج چار خواتین سمیت سات افراد کی جان لے لی جس سے شہر میں مرنے والوں کی تعداد234 اورپنجاب میں 261 ہو گئی۔ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے صفائی نہ رکھنے والے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

ابنا: آج ڈینگی نے لاہور میں کئی افراد کو موت کی نیند سلا دیا۔ مرنے والوں میں گرین ٹاوٴن کی 45 سالہ روبینہ، تاج پورہ کی 58 سالہ راحت بانو، ٹاوٴن شپ کی 76 سالہ رفیقہ بی بی، چونگی امرسدھو کی 19 سالہ کرن ، چاہ میراں کا 27 سالہ زید بشر، سودیوال کا 47 سالہ محمد جاوید اور تاج پورہ کا 56 سالہ بشیر احمد ڈینگی کے باعث دم توڑ گئے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں مزید 250 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مریضوں کی تعداد سترہ ہزار 837 تک پہنچ گئی ہے۔ اسپتالوں میں ڈینگی کے بخار سے متاثرہ افراد کی آمد میں واضح کمی آئی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے موسم میں تبدیلی آئے گی ڈینگی کے مریضوں کی تعداد بھی کم ہوتی چلی جائیگی۔ پنجاب حکومت اگلے سال ڈینگی کے سدباب کے لئے حکمت عملی کوحتمی شکل دے رہی ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ عوام کی آگاہی کے لئے تعلیمی اداروں میں ڈینگی سی ڈیز کی تقسیم یقینی بنائی جائے۔  ...........

/169