21 ستمبر 2011 - 20:30

جناب برہان الدین ربانی دوست اور برادر ملک افغانستان کی بااثر اور معروف شخصیات میں سے تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اپنی قوم کے استقلال اور آزادی کے لئے جدوجہد میں گذار دی اور طویل عرصے تک اندرونی استبداد اور بیرونی قابضین کے خلاف بر سر پیکار رہے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی نے سابق افغان صدر  اور افغانستان کے شورائے صلح (پیس کونسل) کے سربراہ برہان الدین کی شہادت پر تعزیتی پیغام دیا ہے۔پیغام کا متن:ظلم و ستم کے دور کے نہ تھکنے والے، گرانقدر مجاہد، امن و اتحاد کے داعی، سابق افغان صدر اور افغان امن کونسل کے رکن جناب استاد پروفیسر برہان الدین ربانی کی شہادت افسوس اور صدمے کا سبب ہوئی۔جناب برہان الدین ربانی دوست اور برادر ملک افغانستان کی بااثر اور معروف شخصیات میں سے تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اپنی قوم کے استقلال اور آزادی کے لئے جدوجہد میں گذار دی اور طویل عرصے تک اندرونی استبداد اور بیرونی قابضین کے خلاف بر سر پیکار رہے۔ طالبان کی حاکمیت کے دوران انتہا پسندانہ اور متحجر اسلام کے مقابلے میں معتدل اسلام پسندی کی تشکیل میں ان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ظاہر ہے کہ قابض بیرونی افواج جنہوں نے برسوں سے اس اسلامی سرزمین پر امن و امان کے قیام کے بہانے قبضہ کئے رکھا ہے، ان عظیم جرائم کے سامنے جوابدہی کے بوجھ سے پہلو بچا نہیں سکیں گے۔عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی اس بزدلانہ دہشت گردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور ملکی امن و امان اور استحکام کے تحفظ کی خاطر افغانستان کے شہید پرور عوام کی وحدت اور ہوشیاری کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے اس عالم مجاہدین کی شہادت پر افغانستان کی حکومت اور شریف قوم بالخصوص شہید کے محترم اور معزز خاندان کو تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہے اور ان کے لئے بارگاہ خداوندی سے رحمت و غفران کی التجا کرتی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/110