2 ستمبر 2011 - 19:30

بحرین کی آل خلیفہ حکومت بحرینی عوام کے خلاف اپنے مظالم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ابنا: بحرین کی جمعیت وفاق کونسل کے سربراہ جمیل کاظم نے ایک انٹرویو میں چودہ سالہ نوجوان شہید علی جواد الشیخ کے قاتلوں کے بارے میں اطلاعات دینے والے کو انعام دئے جانے کے بحرینی وزیر داخلہ کے اعلان کو شرمناک قراردیا اور کہا کہ یہ نوجوان ، جس نے عیدالفطر کے دن عوامی مظاہروں میں شرکت کی تھی، سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں اور لوگوں کی آنکھوں کے سامنے شہید ہوا ہے۔ ادھر بحرین کے انسانی حقوق مرکز کے رکن عباس العمران نے اپنے حقوق کے حصول کے لئے مزید فداکاری کی غرض سے عوام کی آمادگی پر تاکید کی ہے اور کہا ہے کہ آل خلیفہ حکومت نے قتل اور تشدد کی پالیسی اختیار کرکے خود کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے بحرین کے حکام کی دروغ گوئي اور فریب کاری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آل خلیفہ حکومت کے پاس اس کو درپیش بحران سے نکلنے کا کوئي راستہ نہیں ہے بلکہ اس نے قتل اور تشدد کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ دریں اثنا بیرونی ممالک میں مقیم حکومت مخالف بحرینیوں نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے اپنی حالیہ تقریر میں ملک کے سیاسی بحران کی طرف کوئی اشارہ نہیں کیا ہے اور یہ امر بحرین کی سیاسی مشکلات سے بے توجہی کا ثبوت ہے۔ بیان کے مطابق غیرممالک میں مقیم بحرینیوں نےملک کو درپیش بحران کے حل کے لئے صحیح سیاسی راہ حل پر زور دیا ہے۔............. /169