30 جولائی 2011 - 19:30

علامہ ساجد علی نقوی نے علی الصبح اسپینی روڈ کوئٹہ میں سوزوکی میں سوار افراد پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ١١ افراد کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوے اس سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ابنا: راولپنڈی (٣٠ جولائی) نمائنده ولی فقیه و رکن شورائے عالی عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی علامہ ساجد علی نقوی نے علی الصبح اسپینی روڈ کویٹہ میں سوزوکی میں سوار افراد پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ١١ افراد کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت  کی ہے اور تین روزہ سوگ کا ا علان کرتے ہوے کہا ہے کہ صرف ایک روز قبل زائرین کی بس پر دہشت گردوں کی فائرنگ متعدد زائرین کی شہادت اوراسی روز مستونگ اسٹیڈیم میں بم دھماکہ اور فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کے جان بحق و زخمی ہونے کے پے در پے واقعات کے باوجود امن و امان کے ذمہ داروں میں سے کوئی ٹس سے مس نہیں ہوا اور اگلے ہی  روز ایک اور سانحہ رونما ہوگیا-اپنے مذمتی بیان میں علامہ نقوی نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ایک مدت سے آگ و خون کا کھیل جاری ہے اور ملک کا پر امن شہر دہشت گردوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے اور ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں سینکڑوں معصوم افراد لقما اجل بن چکے ہیں، سینکڑوں خاندان اجڑ چکے ہیں، ان حالات میں عوام یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ آخر ان کا کون پرسان حال ہے؟ دہشت گردوں اور قاتلوں کو خون کی ہولی کھیلنے سے کیوں نہیں روکا جارہا ہے؟ یہ دہشت گرد کون ہیں ان کی تربیت گاہیںاور پناہگاہیں کہاں ہیں؟ ان کو پالنے پوسنے والے کون ہیں؟ وطن عزیز کو بد امنی کی دلدل میں دھکیلنے والے کون ہیں؟ علامہ ساجد علی نقوی نے اسپینی روڈ کے سانحے کے شہدوں کے لواحقین و پسماندگان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس سانحے کے مرتکب دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہچانے اور زخمیوں کے علاج معالجے اور مناسب دیکھبھال کا مطالبہ کرتے ہوئے ان واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/110