14 جولائی 2011 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلی جنس حیدر مصلحی نے کہا ہے کہ ہم امریکہ اور صیہونی حکومت سمیت تمام دشمنوں کی خفیہ ایجنسیوں کی یلغار کا مقابلہ کرنے کے لۓ آمادہ ہیں۔

ابنا: حیدر مصلحی نے آج نماز جمعہ کے خطبوں کے پہلے تقریر کرتے ہوۓ کہا کہ ثقافتی ، اقتصادی اور سماجی شعبوں سمیت تمام میدانوں میں دشمنوں کی سازشوں کا پتہ لگانا اور ان کو ناکام بنانا ایران کی وزارت انٹیلی جنس کے ایجنڈے میں شامل ہے ۔ اور اس وزارت کی تمام سرگرمیاں ایرانی عوام کے لۓ شیریں اور امن کا تحفہ لانے والی ہیں۔ حیدر مصلحی نے مزید کہا کہ وزارت انٹیلی جنس کا کام صرف دہشتگردی اور بم دھماکوں کے واقعات سے نمٹنا نہیں ہے بلکہ اس کا دائرہ کار بہت وسیع ہے اور دشمن کی ہر طرح کی سازش کا مقابلہ اس وزارت کی ذمے داری میں شامل ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلی جنس نے مزید کہا کہ امریکہ ، برطانیہ اور صیہونی حکومت کی خفیہ ایجنسیاں ، منافقین کا دہشتگرد گروہ اور انقلاب مخالف گروہ سمیت ایران کے تمام دشمن اسلامی نظام کا تختہ الٹنے پر متفق ہیں لیکن ملت ایران کی ہوشیاری اور ان کی جانب سے ولایت فقیہ کی مکمل پیروی کۓ جانے کی بدولت دشمن کبھی بھی اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ /169