19 فروری 2011 - 20:30

مرجع تقلید آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے بحرین کی افسوسناک صورت حال پر مذمتی و تعزیتی پیغام جاری کرکے کہا ہے: بحرینی حکمرانوں کو جان لینا چاہئے کہ بحرین کے مظلوم شیعہ تنہا نہیں ہیں؛ اور اس طرح کے اقدامات آخر کار ان کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکیں گے اور بحرین کے مسلمان ان کے شر سے نجات پائیں گے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق  مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے اہم بیان جاری کرکے آل خلیفہ حکومت کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے شیعیان عالم سے کہا ہے کہ وہ ان جرائم کے سامنے خاموشی اختیار نہ کریں اور ہر طرف سے جلادوں کے خلاف اپنی صدائے اعتراض و احتجاج بلند کریں تا کہ شیعیان بحرین تنہائی محسوس نہ کریں۔

پیغام کا متن:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

بحرین میں بہت دردناک واقعات رونما ہورہے ہیں، ظالم اور اجنبی قوتوں کے حلقہ بگوش حکام نے وہاں خون کی ندیاں بہائی ہیں اور ان شیعیان اہل بیت کو وحشیانہ ترین طریقے سے خاک و خون میں تڑپا رہے ہیں، جو اپنے پامال ہونے والے حقوق کا مطالبہ کرنے کے سوا کسی بھی گناہ کے مرتکب نہیں ہوئے ہیں۔ ہم بحرین کے حکام کے ان انسانیت کش اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بحرین کے ڈکٹیٹر حکمرانوں کو ہر جرم و ظلم و ستم ڈھانے کی اجازت نہ دیں۔ شیعیان عالم سے بھی ہماری درخواست ہے کہ ان جرائم کے سامنے خاموشی اختیار نہ کریں اور ہر طرف سے ان جلادوں کے خلاف اپنی صدائے احتجاج اٹھائیں تا کہ بحرین کے شیعیان اہل بیت (ع) تنہائی محسوس نہ کریں اور اپنے آپ کو بے یار و مددگار نہ سمجھیں۔ میں ضروری سمجھتا ہوں کہ بحرینی نوجوانوں کی شہادت کے سلسلے میں اس ملک کے تمام مجاہد علماء اور محترم شہریوں کی خدمت میں تہنیت و تعزیت عرض کروں اور مجھے امید ہے کہ ان عالیقدر شہیدوں کے خون کی برکت سے اس ملک کے تمام باشندوں کے مسائل حل ہوں اور خداوند متعال ان کے دشمنوں سے انتقام لے۔

ان ربک بالمرصاد

(بیشک آپ کا رب (سرکشوں اور نافرمانوں کی) خوب تاک میں ہے)

ناصر مکارم شیرازی14 ربیع الأول 1432

.........../110