13 دسمبر 2010 - 20:30

انسپکٹرجنرل پولیس بلوچستان ملک محمداقبال نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام ترحفاظتی اقدامات کرلئے گئے ہیں۔

ابنا: صوبے بھر میں پولیس،بلوچستان کانسٹبلری، ایف سی کے ساتھ ساتھ فوج کی ایک بریگیڈ بھی تعینات کی جائے گی۔ یہ بات انھوں نے کوئٹہ میں محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہا کہ کوئٹہ میں مجالس کے 70 سے زائد مقامات ہیں جن میں سے 20 حساس ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نویں اور دسویں محرم کے دوران کوئٹہ میں تین ہزار 8 سو پولیس اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں کی نفری تعینات ہوگی۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے بتایا کہ اس سال محرم الحرام کے موقع پر پولیس کانسٹیبلری کی 70 پلاٹون،ایف سی کی 62 پلاٹون جبکہ پاک فوج کا ایک بریگیڈ کو بھی تعینات کیا جارہا ہے اور فوج حساس مقامات پر تعینات ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ نویں اور دسویں محرم کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی جبکہ جلوس کے ہمراہ 25 جامرز (Blast Jammers) بھی چلیں گے۔ ملک محمد اقبال نے کہا کہ ایف سی اور فوج کے تعاون سے شرپسند عناصر کے عزائم کو ناکام بنادیں گے۔ انھوں نے کہا کہ شرپسند عناصر کو امداد فراہم کرنے والے بعض عناصر کی نشاندہی ہوگئی ہے، ان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارکر 200 کے قریب افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ مچھ سمیت پولیس کے تمام سینئر افسران محرم کی سکیورٹی کے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ عوامی تعاون سے ہم محرم الحرام کی سکیورٹی کے انتظامات کو کامیاب بنائیں گے۔ 

.........

/110