6 دسمبر 2010 - 20:30

پاک فوج نے جنوبی وزیرستان کو دہشت گردوں اور شدت پسندوں سے مکمل پاک کرالینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ آپریشن سے نقل مکانی کرنے والی سویلین آبادی واپس آنا شروع ہوگئی ہے / لدھا میں شدت پسندوں کے راکٹ حملے کے بعد جھڑپ ہوئی ہے۔

ابنا: پاک فوج نے جنوبی وزیرستان کو دہشت گردوں اور شدت پسندوں سے مکمل پاک کرالینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ آپریشن سے نقل مکانی کرنے والی سویلین آبادی واپس آنا شروع ہوگئی ہے۔آرمی چیف جنرل اشفاق کیانی نے بتایاہے کہ وزیرستان کے راستے افغان تجارت کا بہترین روٹ قائم کیا جائیگا۔ آرمی چیف جنرل اشفاق کیانی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل راؤ قمر سلیمان نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین کا دورہ کیا اور ائیرفورس کی طرف سے نو تعمیرکردہ گورنمنٹ ہائر اسکینڈری اسکول کا افتتاح کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جنوبی وزرستان کو اب کوئی خطرہ نہیں رہا ہے، یہاں 14 ارب کی لاگت سے سڑکوں، آب پاشی اور بجلی کے منصوبے بن رہے ہیں، بجلی بحال کی جارہی ہے، گومل زام ڈیم کی تعمیر جلد مکمل کرلی جائے گی، اس ڈیم سے وانا تک بجلی فراہمی کی ٹرانسمیشن لائن تعمیر ہوگی۔جنرل اشفاق پرویزکیانی نے کہا کہ وانا کا کیڈٹ کالج اپریل 2011 میں مکمل ہوجائےگا اور یہاں اسپتال بھی تعمیر ہوگا۔ بعد میں آرمی چیف اور ائیرچیف نے، لدھامیں متحدہ عرب امارات کے تعاون سے تعمیر کئے گئے میڈیکل سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔   دریں اثنا‏‏ء اطلاعات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں شدت پسندوں کے راکٹ حملے کے بعد جھڑپ ہوئی ہے۔  جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں آرمی چیف اور ایئر چیف کے دورے کے کچھ دیر بعد ہی شدت پسندوں کی جانب راکٹ حملہ کیا گیا جس کے جواب میں سکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں شدت پسندوں کی جانب سے4راکٹ فائر کئے گئے، حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آرمی چیف کے دورے کی کوریج کیلئے وہاں موجود صحافیوں کو بنکرز میں بٹھادیا اور شدت پسندوں پر جوابی فائرنگ کی۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور ایئر چیف راؤ قمر سلیمان کچھ دیر قبل ہی اس علاقے کا دورہ کرکے گئے تھے۔   .........

/110