30 اکتوبر 2010 - 20:30

مصر کی جامعۃ الازہر کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب نے عراق میں مرجع تقلید حضرت آیت اللہ سید علی سیستانی سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کویتی روزنامے "الجریدہ" کے مطابق جامعۃالازہر کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب نے کہا ہے کہ وہ عراق میں نئی حکومت کے قیام کے بعد آیت اللہ علی سیستانی سے ملاقات کرکے اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔الازہر یونیورسٹی کے سربراہ کے اس بیان کے منظر عام پر آنے کے بعد، توقع کی جا رہی ہے کہ شیخ طیب اور آیت اللہ سیستانی کی ملاقات سے دنیا بھر میں اہل تشیع اور اہل سنت ایک دوسرے کے مزید قریب آجائیں گے جبکہ اس ملاقات کا دوسرا مقصد یہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مستقبل قریب میں مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ایک بین الاقوامی کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی جس میں شیعہ اور سنی مسلمانوں کے علماء و اکابرین شرکت کریں گے، تاہم اس ملاقات میں اس کانفرنس کا منصوبہ بھی زیر بحث آئے گا۔

الجریدہ نے قاہرہ سے موصولہ رپورٹ کے حوالے سے لکھا ہے کہ شیخ الازہر ڈاکٹر احمد الطیب نجف میں شیعہ اور سنی علماء سے بات چیت کریں گے اور وہ اس دورے کے ضمن میں اعلی مرجع تقلید سید سیستانی سمیت  دینی مراجع سے وسیع سطح پر تبادلۂ خیال کریں گے اور ان ملاقاتوں میں عالم اسلام کے دو مذاہب کے اتحاد و تقریب پر بات چیت ہوگی تا کہ یہ ملاقاتیں اور تبادلۂ خیالات دو مذاہب کی وسیع البنیاد کانفرنس کے انعقاد کا مقدمہ قرار پائے۔

بشکریہ از شیعیت نیوز

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/110