9 اکتوبر 2010 - 20:30

عوام خودکش حملوں کی تحقیقات سے مطمئن نہیں،ثروت اعجاز قادری

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ اسلام پسند،محب وطن اور پرامن لوگوں کو مشتعل کر کے ملکی سلامتی اور استحکام کے خلاف مسلسل سازشیں کی جا رہی ہیں اور حکومت اقتدار کے نشے میں بدمست ہو کر غیر ذمہ دارانہ عمل کا مظاہرہ کر رہی ہے،جو کہ بے حسی کی انتہا ہے مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ،سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین، رکن قومی اسمبلی صاحبزاہ فضل کریم نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا ڈھائی سالہ دور دہشت گردی،خودکش دھماکوں،لوٹ کھسوٹ،مہنگائی کے عفریت،لاقانونیت اور بدامنی کی کارروائیوں سے بھرا پڑا ہے۔حکومت زبانی جمع خرچ اور دعووں کے علاوہ کچھ نہ کر سکی۔اسلام پسند،محب وطن اور پرامن لوگوں کو مشتعل کر کے ملکی سلامتی اور استحکام کے خلاف مسلسل سازشیں کی جا رہی ہیں اور حکومت اقتدار کے نشے میں بدمست ہو کر غیر ذمہ دارانہ عمل کا مظاہرہ کر رہی ہے،جو کہ بے حسی کی انتہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت سید عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر حاضر زائرین سے گفتگو اور جناح اسپتال میں سانحہ مزار عبداللہ شاہ غازی کے زخمیوں کی عیادت کے دوران وہاں موجود افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مزارات مقدسہ پر خودکش دھماکے،حملے اور دہشت گردی کے واقعات اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹوں کی مذموم کارروائی ہے،جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔اس موقع پر ثروت اعجاز قادری،طارق محبوب،شاہد غوری،شبیر احمد قاضی، ولی محمد شاہ،محفوظ عباسی،علامہ اشرف گورمانی و دیگر بھی موجود تھے۔ عوام خودکش حملوں کی تحقیقات سے مطمئن نہیں،ثروت قادری سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے قادری ہاؤس پر علمائے کرام کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنی تحریک سمیت کوئی بھی شہری دہشت گردی کے واقعات اور خودکش حملوں کی تحقیقات سے مطمئن نہیں۔ایک ایسے شخص کو جو زندہ ہو،اسمبلی کے فلور پر خودکش بمبار قرار دینے سے نام نہاد تحقیقات کی قلعی کھل گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات نام کی کوئی چیز نہیں،سب مفروضوں پر کام کر رہے ہیں،اگر تحقیقات صحیح سمت میں کی جائیں تو بڑے بڑے مذہبی ٹھیکیدار آشکار ہو جائیں۔لیکن یہاں مصلحت پسندی نے اس ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے اور قوم کو مذہبی ٹھیکیداروں نے فرقوں میں تقسیم کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ سنی تحریک اپنے اکابرین کے قول کہ اپنا عقیدہ نہ چھوڑو اور دوسرے عقیدے والوں کو نہ چھیڑو پر کاربند ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ محبان اولیاء بھرپور طریقے سے سانحہ درگاہ حضرت عبداللہ شاہ غازی کے شہداء کے سوئم میں اتوار کو دوپہر ایک بجے کلفٹن میں ہونے والے سوئم میں درگاہ حضرت عبداللہ شاہ غازی پہنچ کر ثابت کر دیں کہ پاکستان خصوصاً کراچی نبی ص کے غلاموں کا شہر ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

/110