26 ستمبر 2010 - 20:30

کرم ایجنسی کے علاقے متا سنگر میں اتحادی افواج نے پاکستانی سرحدی حدود کیخلاف ورزی کرتے ہوئے پانچ افراد کو ہلاک اور نو کو زخمی کردیا / گذشتہ رات بھی اتحادی افواج کے دو ہیلی کاپٹروں نے پاکستانی علاقے میں کارروائی کر کے تیس افراد کو ہلاک کیا تھا۔

 کرم ایجنسی میں اتحادی افواج نے پاکستانی سرحدی حدود کیخلاف ورزی کرتے ہوئے کارروائی کر کے پانچ افراد کو ہلاک اور نو کو زخمی کردیا۔ذرائع کے مطابق اتحادی افواج کے دو ہیلی کاپٹروں نے آج صبح پانچ بجے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کر تے ہوئے کرم ایجنسی میں داخل ہوئے اور متاسنگر میں شیلنگ کی جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور نو زخمی ہوگئے۔ شیلنگ کے بعد ہیلی کاپٹر واپس افغانستان میں داخل ہوئے۔ افغان پولیس کے کمانڈر حق یار خان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے صوبہ پکتیا میں اتحادی فوج پر حملے کے بعد حملہ آور پاکستانی علاقے متاسنگر میں داخل ہوئے جسے نشانہ بنایا گیا۔

گذشتہ رات بھی اتحادی افواج نے دعویٰ کیا تھا کہ صوبہ خوست میں شدت پسندوں نے حملہ کیا تھا جس کے بعد دو ہیلی کاپٹروں نے پاکستانی علاقے میں کارروائی کر کے تیس افراد کو ہلاک کیا تھا۔  کل بھی نیٹو ہیلی کاپٹرز نے پاک افغان سرحد کے قریب پاکستانی علاقے میں فضائی کارروائی کے دوران بمباری کرکے30افراد کو ہلاک کردیا تھا۔دو اپاچی ہیلی کاپٹرز نے پاکستانی علاقے میں بمباری اور تیس افراد کو ہلاک کرنے کی کارروائی میں حصہ لیا۔ایساف ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ہیلی کاپٹرز نے پاکستانی سرحد عبور کرکے کارروائی کی تاہم اتحادی افواج میں صرف امریکی فورسز ہی اپاچی ہیلی کاپٹر استعمال کرتی ہیں۔ترجمان نے مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ایساف ترجمان کے مطابق عسکریت پسندوں نے جمعہ کے روز خوست میں افغان سیکیورٹی فورسز پر حملہ کردیا تھا۔ متعدد افراد کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ بعض زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔اس سے قبل اسی روز وزیرستان میں بھی امریکی ڈرون حملہ کے نتیجے میں7 افراد ہلاک ہو گئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/110