وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر سے تبدیلی آئے تو کوئی پریشانی نہیں تاہم ڈر اس بات کا ہے کہ اگر غیر سیاسی عناصر کے ذریعے تبدیلی آئی تو ملک کے لئے خطرناک ہوگا، تبدیلی کی باتیں کرنے والے ہم پر نہیں تو عوام پر ترس کھائیں، حکومت ٹھیک ہے اور جمہوری نظام چلتے رہنا چاہیے، نواز شریف ایوان میں آئیں توخوشی ہو گی۔ اتوار کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر سینئر کالم نویسوں سے ملاقات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تمام معاملات کنٹرول میں ہیں کوئی تبدیلی نہیں آرہی ہے،حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں جمہوری نظام چلتا رہے، پنجاب میں اچھی ایڈمنسٹریشن کہیں نظر نہیں آ رہی، انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کو ریلیف پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے کم از کم سیلاب سے متاثرہ دو کروڑ لوگوں پر ہی رحم کھائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب زدگان کو ریلیف پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، سیلاب زدگان کی مدد کے لئے وزراء کی ذمہ داریاں لگا دیں ہیں جو غلط کرے گا اسے اٹھا کر باہر پھینک دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے سے نہیں ڈرتے، جمہوریت کی بقاء کے لئے جو کرنا پڑا کریں گے۔ فضل الرحمن اور اے این پی کی لیڈر شپ سے بھی گفتگو ہوئی ہے، بہت برداشت کر لیا اب کسی سے کمپرومائز نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب خسارے میں جا رہا ہے، وفاق نے پنجاب کو ہیلی کاپٹر سیلاب زدگان کی مدد کیلئے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت اور پیر پگارو کی ملاقات بے ضرر سی بات ہے، ضمنی انتخابات میں شکست خوردہ کس منہ سے مڈٹرم الیکشن کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر سیاسی عناصر کے ذریعے تبدیلی خطرناک ہو گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110