پاکستان اور ایران نے تاریخی گیس پائپ لائن منصوبے کے حتمی سمجھوتے پر دستخط کر دیئے ہیں۔جس کے تحت پاکستان کو 75 کروڑ مکعب فٹ قدرتی گیس یومیہ ملے گی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ تاریخی معاہدے پر ایران کی قومی آئل کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر رضا کسائی زادہ اور وزارت پیٹرولیم اور قدرتی وسائل کے جوائنٹ سیکریٹری ارشاد کلیمی نے دستخط کیئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر پیٹرولیم سید نوید قمر اور سیکریٹری پیٹرولیم و قدرتی وسائل کامران لاشاری بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت پاکستان روزانہ ایران سے 75 کروڑ مکعب فٹ قدرتی گیس درآمد کرے گا اور اس کی مقدار بڑھا کر 1 ارب مکعب فٹ گیس کی جاسکے گی۔درآمد کی جانے والی گیس پاکستان کی کُل پیداوار کا 20 فیصد ہے،تاہم پاکستان ایران گیس پائپ لائن سمجھوتہ 25 سال کیلئے ہے،جس کی مزید 5 سال تجدید کی جاسکے گی۔درآمد شدہ تمام گیس بجلی پیدا کرنے کیلئے استعمال کی جائے گی۔جس سے تقریباً 5 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی،تاکہ پاکستان میں متبادل انرجی کے ذرائع کی بچت ممکن ہو سکے۔ آج نیوز کے مطابق پاک ایران گیس پائپ لائن کے لئے حکومت کے ضمانتی معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ نیشنل ایران آئل کمپنی کے بورڈ کی منظوری کے بعد منصوبے پر کام کا آغاز ہو جائے گا۔اسلام آباد میں وزرات پیٹرولیم کے جوائنٹ سیکریٹری ارشد کلیم اور نیشنل ایران گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر ایس ار کسائی ذادہ نے ضمانتی معاہدے پر دستخط کئے۔وزیر پیٹرولیم نوید قمر نے کہا کہ معاہدے پر دستخط کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے کے لیے تمام کاغذی کارروائی مکمل ہو گئی اور اب ٹینڈرز جاری کئے جائیں گے۔گیس پائپ لائن کے ذریعے ایران سے پچیس سال کے لیے تقریبا ایک ارب کیوبک فٹ یومیہ گیس درامد کی جائے گی۔جس سے پانچ ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔منصوبہ دو ہزار چودہ میں مکمل ہو گا۔ایک سوال کے جواب میں ایران کمپنی کے ایم ڈی نے بتایا کہ ایران سے بھارت اور چین براستہ پاکستان گیس درآمد کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایران نے نو سو کلو میٹر کے علاقے میں پائپ لائن بچھا لی ہے اور دو سو پچاس کلو میٹر کے علاقے میں پائپ لائن بھانے کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ریڈیو تہران کی ویب سائیٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی گيس ایکسپورٹ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر اور پاکستان کے نائب وزیر پٹرولیم اور قدرتی ذخائر نے امن گيس پائپ لائن پر عمل درآمد کی ضمانت کے دستاویزات پر دستخط کئے ہیں۔رضا کسائي زادہ اور ارشاد کلیم نے ایک تقریب میں اس دستاویز پر دستخط کئے۔اس موقع پر پاکستان کے وزیر پٹرولیم اور قدرتی ذخائر نوید قمر اور اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ماشاء اللہ شاکری بھی موجود تھے پاکستان کے وزیر پٹرولیم اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے امن گيس پائپ لائن کو حتمی شکل دئے جانے پر خوشی کا اظہار کیا۔ایران سے پاکستان کے لئے گيس پائپ لائن مشرق وسطی سے ایشیا کی طرف پہلی گیس پائپ لائن ہے۔اسلامی جمہوریہ ایران سے دوہزار چودہ سے پاکستان کو گيس برآمد کی جائے گي۔
.......
/110