اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کے سابق رکن پارلیمنٹ محمد البیاتی نے کہا ہے کہ امریکہ صیہونی ریاست کے تحفظ کے لیے اپنے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور اس طرح کی تجاویز کے ذریعے عراق اور پورے خطے میں مزاحمت کی ہر قسم کی موجودگی ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے خبر رساں ایجنسی المعلومہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے سیاسی عمل سے وابستہ بعض حلقے نام نہاد منصوبے ’’اسلحہ صرف ریاست کے کنٹرول میں رکھنے‘‘ کی حمایت کرکے دراصل امریکی منصوبے کا ساتھ دے رہے ہیں۔
البیاتی نے کہا کہ امریکی منصوبہ صرف مزاحمت کے کردار کو ختم کرنے تک محدود نہیں، بلکہ اس کے تحت ایک وسیع تر سازش جاری ہے، جس کا نشانہ حشد الشعبی بھی ہے۔ یہ وہ تنظیم ہے جس نے داعش کی دہشت گردی کے خلاف کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے داعش کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرنے والے کمانڈروں، شہید ابو مہدی المہندس اور شہید قاسم سلیمانی کو بھی اس وقت نشانہ بنایا جب وہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔
البیاتی نے واضح کیا کہ امریکہ داعش کے خلاف کھڑے ہونے والی ہر قوت کی مخالفت کرتا ہے، کیونکہ ان کے بقول داعش خود امریکی منصوبہ ہے۔
عراق کے سابق رکن پارلیمنٹ نے آخر میں زور دیا کہ امریکہ مختلف ذرائع سے دباؤ ڈال کر مزاحمت کو غیر مسلح کرنے اور دہشت گردی و صیہونی ریاست کے خلاف کھڑی ہونے والی ہر قوت سے اس کے ہتھیار چھیننے کی کوشش کر رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ