اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے منگل کے روز شام کی داخلی سلامتی فورسز کے اس بیان میں عائد کیے گئے الزامات کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے، جس میں ایک مبینہ گروہ کا تعلق حزب اللہ سے جوڑا گیا تھا۔
حزب اللہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اس کی شام کی سرزمین پر کسی قسم کی موجودگی یا رابطہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ شام کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی کسی سرگرمی میں ملوث ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے الزامات کو بار بار دہرانے اور مختلف واقعات میں حزب اللہ کا نام شامل کرنے سے اس کا واضح اور مستقل مؤقف تبدیل نہیں ہوگا، جس کا وہ متعدد بار اظہار کرچکی ہے۔
حزب اللہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے تنظیم کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بنیادی توجہ اسرائیلی دشمن کا مقابلہ کرنے پر ہے، جو لبنان اور شام پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور دونوں ملکوں کے بعض علاقوں پر اب بھی قابض ہے۔
بیان کے آخر میں زور دیا گیا ہے کہ اسرائیل اور اس کے توسیع پسندانہ منصوبوں کا مقابلہ کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس مقصد کے لیے کوششوں اور مؤقف میں اتحاد پیدا کیا جائے۔
حزب اللہ کے مطابق، اس نوعیت کے الزامات سے سوائے اسرائیل کے مفادات کو فائدہ پہنچنے کے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
آپ کا تبصرہ