17 اکتوبر 2026 - 11:06
کولمبیا کا مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھولنے پر 19 عرب و اسلامی ممالک کا احتجاج

19 عرب اور اسلامی ممالک نے کولمبیا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھولنے کی مذمت کرتے ہوئے اس فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ مشترکہ بیان میں فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت اور مشرقی بیت المقدس کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانے کے حق کی بھی حمایت کی گئی۔

اہلِ بیت نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، 19 عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے کولمبیا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھولنے کے اقدام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے منافی قرار دیا اور کولمبیا کی حکومت سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔

مشترکہ بیان پر ترکی، الجزائر، جبوتی، انڈونیشیا، فلسطین، قطر، کویت، لبنان، لیبیا، ملائیشیا، مصر، پاکستان، صومالیہ، سوڈان، شام، سعودی عرب، عمان، اردن اور یمن کے وزرائے خارجہ نے دستخط کیے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ بیت المقدس کی قانونی اور تاریخی حیثیت تبدیل کرنے یا اسے اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کی کوئی بھی کوشش باطل اور قانونی اعتبار سے بے اثر ہے۔

بیان میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں 476 اور 478 کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا گیا کہ ایسے اقدامات دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کے اس حق پر بھی زور دیا کہ وہ ایک آزاد اور خودمختار ریاست قائم کریں، جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، مصر نے بھی مقبوضہ بیت المقدس میں کولمبیا کا سفارت خانہ کھولے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے قاہرہ میں کولمبیا کے ناظم الامور کو طلب کیا اور اس اقدام کو بین الاقوامی قراردادوں کے منافی قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق، کولمبیا نے بدھ کے روز بیت المقدس میں اپنا سفارت خانہ کھولا، جس کے بعد وہ ان دس ممالک میں شامل ہوگیا جنہوں نے اس شہر میں سفارت خانہ قائم کیا یا اپنا سفارتی مشن وہاں منتقل کیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha