15 اکتوبر 2026 - 14:19
کملا ہیرس: امریکی عوام ٹرمپ سے تنگ آچکے ہیں

امریکہ کی سابق نائب صدر کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں اور ایران کے خلاف جنگ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی شہری بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ سے تھک چکے ہیں اور اب ٹرمپ حکومت کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے تیار ہیں۔

اہل بیت نیوز ایجنسی (ابنا) کے مطابق، سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی نائب صدر رہنے والی کملا ہیرس نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ امریکی عوام پٹرول، خوراک، مکان کے کرائے، بچوں کی دیکھ بھال اور طبی اخراجات جیسے بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ ان کی تنخواہوں میں اخراجات کے تناسب سے اضافہ نہیں ہوا۔

ہیرس نے ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی حملوں کے مالی اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام اس صورت حال سے تنگ آچکے ہیں جس میں انہیں پٹرول اور کھانے پینے کی ضروریات میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ایران کے خلاف ٹرمپ کی جنگ کو امریکی خاندانوں پر بڑھتے مالی دباؤ کی وجہ قرار دیا اور ٹرمپ انتظامیہ کو ’’بے رحم، بدعنوان اور نااہل‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ووٹر اب اس حکومت کو چیلنج کرنے کے لیے تیار ہیں۔

بی بی سی کی جانب سے شائع کردہ ’سلور بلیٹن‘ کے رائے عامہ کے جائزوں کے اعداد و شمار کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ کی عوامی مقبولیت، جو ان کی دوسری صدارتی مدت کے آغاز میں 50 فیصد سے کچھ زیادہ تھی، کم ہوکر تقریباً 37 فیصد رہ گئی ہے۔ فروری کے اواخر میں، ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملوں کے آغاز کے وقت یہ شرح تقریباً 42 فیصد تھی، جو اس کے کچھ ہی عرصے بعد 40 فیصد سے نیچے آگئی۔

امریکی ایوانِ نمائندگان میں ریپبلکنز کی معمولی اکثریت کے پیش نظر، نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ایوان کی تمام 435 نشستوں اور سینیٹ کی 35 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔ ڈیموکریٹس ووٹروں کی حمایت میں کمی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کانگریس کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ایران کے خلاف جنگ نے توانائی کی رسد میں خلل پیدا کیا ہے، جس کے نتیجے میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور ٹرمپ کے زندگی کے اخراجات کم کرنے کے انتخابی وعدے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ فروری کے اواخر میں ٹرمپ نے فی گیلن پٹرول کی قیمت 2.30 ڈالر سے کم ہونے کا حوالہ دیا تھا، تاہم مشرقِ وسطیٰ میں توانائی کی فراہمی متاثر ہونے کے بعد یہ قیمت بڑھ کر تقریباً 4 ڈالر فی گیلن تک پہنچ گئی۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق، اگست میں سروے میں حصہ لینے والے 63 فیصد افراد نے ایران کے ساتھ اس تنازع سے نمٹنے میں ٹرمپ کی کارکردگی کو مسترد کیا۔ دوسری جانب ڈیموکریٹس نے طبی بیمے کے بڑھتے اخراجات اور صحت کی سہولتوں تک رسائی کو اپنی سیاسی مہم کا اہم موضوع بنایا ہے، جبکہ امیگریشن کا مسئلہ بھی آئندہ انتخابات میں دونوں جماعتوں کے لیے ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha