اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، یمن کی سپریم سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے اپنے تازہ بیان میں یمنی مسلح افواج کی کامیابیوں پر مبارک باد دی اور سعودی عرب کو خبردار کیا کہ یمنی عوام کے خلاف جرائم جاری رکھنے کا نتیجہ مزید سخت اور فیصلہ کن جواب کی صورت میں نکلے گا۔
انہوں نے اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر لکھا: ’’ہم مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کے بہادر اہلکاروں کو ان عظیم کامیابیوں پر مبارک باد پیش کرتے ہیں جو انہوں نے حاصل کی ہیں۔ یہ کامیابیاں ان کے مضبوط ایمان، خدا سے تعلق اور اس پر بھروسا کرنے کی عکاس ہیں۔‘‘
محمد علی الحوثی نے مزید کہا: ’’ہم ایک بار پھر جارح ممالک کو خبردار کرتے ہیں کہ ہمارے خلاف کیے جانے والے تمام جرائم انہیں کبھی فتح نہیں دلا سکیں گے بلکہ خدا کے حکم سے ان کی رسوا کن شکست کا سبب بنیں گے۔‘‘
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا: ’’اگر ہمارے خلاف کیے جانے والے جرائم جارحین کو فتح دلا سکتے تو وہ گزشتہ 12 برس کے دوران کیے گئے جرائم کے ذریعے یہ مقصد حاصل کر چکے ہوتے۔‘‘
یمن کی سپریم سیاسی کونسل کے رکن نے جارحین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: ’’جنگ اور محاصرہ جاری رکھنا اور ہمارے بچوں اور عوام کے خون کو نظر انداز کرنا، جرائم کے ارتکاب، قانون کی خلاف ورزی اور ناحق جارحیت کی علامت ہے۔‘‘
انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا: ’’ہمیں خدا پر بھروسا، اس سے مضبوط تعلق اور قیادت سے وابستگی کی بنیاد پر یقین ہے کہ فتح ہماری ہوگی، چاہے تمہاری جارحیت کتنی ہی طویل کیوں نہ ہو۔ صبر اور خدا پر توکل کے ذریعے، اس کے حکم سے، ہمارے عوام کے لیے فتح حاصل ہوگی۔‘‘
آپ کا تبصرہ