اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مغربی ایشیا کے امور کے تجزیہ کار اور یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے رکن دنی سیتریونوویچ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے اور جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی طرف واپس آنے سے متعلق ایران کی سات روزہ تجویز مسترد کیے جانے کے بعد اپنے ایکس اکاؤنٹ پر تجزیہ کرتے ہوئے لکھا: ایران کی حکومت نے اب تک جو کچھ برداشت کیا ہے، اس کے بعد واشنگٹن کو یہ فرض نہیں کرنا چاہیے کہ صرف اس لیے کہ دباؤ جاری ہے، تہران مزید رعایتیں دینے کے لیے تیار ہے۔
سیتریونوویچ نے مزید کہا: اس صورت حال سے ایک کہیں زیادہ خطرناک سوال پیدا ہوتا ہے؛ یہ سوال نہیں کہ آیا ایران موجودہ صورت حال کی قیمت بڑھانے کی کوشش کرے گا، بلکہ یہ کہ وہ کس حد تک آگے جانے کے لیے تیار ہے۔
صیہونی تجزیہ کار، جس کا صیہونی حکومت کی فوج کے انٹیلی جنس اور سکیورٹی شعبے میں طویل عرصے تک کام کرنے کا تجربہ ہے، نے کہا: ڈونلڈ ٹرمپ نے بڑا خطرہ مول لیا ہے۔ ایران کی تازہ ترین تجویز مسترد کرکے وہ اس خطرے کو قبول کر رہے ہیں کہ تہران کے اس نتیجے کو تقویت ملے کہ واشنگٹن جون کے مفاہمتی معاہدے، یعنی جنگ کے خاتمے کے یادداشتِ تفاهم، کی ان شرائط کے ساتھ واپسی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا جنہیں ایران قابل قبول سمجھتا ہے۔
اس تجزیہ کار کے مطابق، اس معاہدے میں فوجی کارروائیوں کے خاتمے، آبنائے ہرمز کھولنے کے انتظامات، پابندیوں میں کمی اور مذاکرات کی بحالی کا انتظام کیا گیا تھا۔
سیتریونوویچ کا خیال ہے کہ تہران کی نظر میں موجودہ صورت حال کو برقرار رکھنا تزویراتی اعتبار سے زیادہ منطقی نہیں ہے۔ اگر سفارت کاری وہ چیز واپس نہ لا سکے جس کے بارے میں ایران کا خیال ہے کہ اس سے وعدہ کیا گیا تھا، تو ایرانی حکام کے پاس مزید دباؤ پیدا کرنے کی ترغیب موجود ہے تاکہ واشنگٹن کو زیادہ مشکل انتخاب کا سامنا کرنا پڑے۔
ٹرمپ کی دو راہی مزید پیچیدہ ہوگئی
انہوں نے مزید کہا: یہی وہ مقام ہے جہاں ٹرمپ کی دو راہی مسلسل پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔ حکومت دباؤ جاری رکھ سکتی ہے اور ایران کی جانب سے مزید وسیع پیمانے پر کشیدگی بڑھانے کے خطرے کو قبول کر سکتی ہے، یا وہ کسی ایسے سفارتی فارمولے کی تلاش کر سکتی ہے جسے تہران موجودہ صورت حال میں ٹھوس تبدیلی کے طور پر پیش کر سکے۔ جو چیز مسلسل مشکل دکھائی دے رہی ہے، وہ یہ ہے کہ دباؤ کی موجودہ سطح کو غیر معینہ مدت تک برقرار رکھا جائے اور یہ توقع کی جائے کہ ایران صرف اخراجات برداشت کرتا رہے گا۔
اس اسرائیلی تجزیہ کار کا کہنا ہے: امکان نہیں کہ ایران ٹرمپ کے لیے یہ کام آسان کرے گا کہ وہ یک طرفہ فتح کا دعویٰ کر سکیں۔ تہران کا مقصد یہ ظاہر کرنا ہوگا کہ امریکہ کی جانب سے مزید دباؤ، ایران کی پسپائی کے بجائے امریکہ کے لیے مزید قیمت پیدا کرتا ہے۔
سیتریونوویچ نے آخر میں نتیجہ اخذ کیا: یہ صورت حال کشیدگی کے ایک خطرناک چکر کے لیے حالات پیدا کرتی ہے؛ واشنگٹن کا خیال ہے کہ مزید دباؤ اسے مذاکرات میں بہتر پوزیشن میں لے جائے گا، جبکہ تہران کا خیال ہے کہ واشنگٹن کو قابل قبول معاہدے کی طرف واپس لانے کے لیے مزید کشیدگی ضروری ہے۔ ایسی صورت حال میں کشیدگی کے ایک اور دور سے گریز کرنا مسلسل مشکل ہوتا جائے گا۔
پاکستان اور قطر کی ثالثی کے بعد ایران اور امریکہ نے 17 جون کو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس مفاہمتی یادداشت کی پانچویں شق کے مطابق، ایران نے بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ضروری انتظامات کرنے کا عہد کیا۔
ایران نے اس عہد پر عمل درآمد اور بحری آمدورفت کو جنگ سے پہلے کی سطح پر واپس لانے کے مقصد سے سلطنت عمان کے ساتھ فوری طور پر تکنیکی مذاکرات شروع کیے۔ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے بعد دو ہفتوں کے دوران بحری آمدورفت جنگ سے پہلے کی سطح کے تقریباً 60 فیصد تک واپس آگئی۔
تاہم، امریکہ کے بعد کے یک طرفہ اقدامات، جن میں آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت کے لیے مفاہمتی یادداشت میں طے شدہ ایرانی انتظامات کی خلاف ورزی اور اس ملک کی فوجی کارروائی شامل تھی، نے مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کو متاثر کرکے روک دیا۔ امریکہ نے مفاہمتی یادداشت میں طے شدہ تنازع حل کرنے کے طریقہ کار کو استعمال کرنے کے بجائے فوجی جارحیت کا سہارا لیا۔
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے مطابق، تہران نے ’’سفارت کاری کا دروازہ کھلا رکھا ہے اور گزشتہ دو برسوں کے دوران مسلسل نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات میں حصہ لیا ہے۔‘‘
عراقچی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے ایران کے ساتھ رویے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ’’امریکہ نے ہر مرتبہ بدنیتی کے ساتھ جواب دیا اور سفارت کاری کے بجائے فوجی جارحیت کا سہارا لیا۔ ان تجربات نے قابل اعتماد ضمانتوں کے بغیر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے گہری بداعتمادی پیدا کردی ہے کہ ایسے اقدامات دوبارہ نہیں دہرائے جائیں گے۔‘‘
ایران کے وزیر خارجہ، جنہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران اس معاملے میں امریکی صدر کے اعلیٰ مذاکرات کار اسٹیو وٹکاف اور ثالث ممالک کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے، نے ایران کی سات روزہ تجویز کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: ’’ایران نے قطر کے ذریعے امریکہ کو سات روزہ ایک واضح منصوبہ پیش کیا ہے۔ اگر ضروری حالات فراہم کیے جائیں تو آبنائے ہرمز کھولی جا سکتی ہے اور سات دن کے اندر معمول کی بحری آمدورفت بحال کی جا سکتی ہے۔‘‘
ایرانی وزیر خارجہ نے اس مجوزہ منصوبے کے حوالے سے امریکی صدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا: ہم نے امریکی صدر کا پہلا ردعمل دیکھا ہے، لیکن ابھی تک ثالثوں کی جانب سے ہمیں کچھ منتقل نہیں کیا گیا۔ امریکی صدر نے بہت سے متضاد بیانات بھی دیے ہیں جو بدقسمتی سے ہم ان سے اکثر سنتے ہیں۔ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ ثالثوں کے ذریعے حتمی آراء ہم تک پہنچائی جائیں اور اس کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ بہرحال، ہماری شرائط واضح ہیں اور آبنائے ہرمز کھولنے کی سمت میں کسی بھی پیش رفت کا ان شرائط کے پورا ہونے سے مشروط ہونا ضروری ہے اور ہم ان سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
عراقچی نے زور دے کر کہا: ہمارے دشمنوں نے بھی تمام راستے آزما لیے ہیں؛ جس راستے پر جا سکتے تھے، گئے اور نتیجہ حاصل نہیں کر سکے۔ شرافت اور انصاف پر مبنی مذاکرات کے ذریعے حل، جس میں ایرانی عوام کے حقوق اور ان کے جائز مطالبات کو پورا کیا جائے، کے علاوہ کوئی راستہ موجود نہیں ہوگا۔ صرف مذاکرات کے ذریعے حاصل ہونے والا حل ہی انہیں اس بن بست سے نکال سکتا ہے۔ یہ ہمارا مؤقف ہے۔
آپ کا تبصرہ