20 ستمبر 2026 - 21:03
حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ: لبنان کی حکومتی پالیسیاں تباہ کن رہی ہیں

لبنانی پارلیمنٹ کے رکن اور حزب اللہ سے وابستہ وفاداری برائے مزاحمت بلاک کے رکن علی فیاض نے کہا ہے کہ لبنان کی حکومتی پالیسیاں مذاکرات اور داخلی معاملات، دونوں سطحوں پر خطرناک اور تباہ کن رہی ہیں۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، علی فیاض نے نبطیہ شہر میں العصف المأکول جنگ کے شہدا کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لبنان اس وقت ایسے مرحلے میں ہے جہاں ابہام اور دوغلی پالیسیوں کے بجائے واضح فیصلوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ لبنان کے پاس اپنی بقا، سرزمین، خودمختاری، آزادی اور ریاست کے دفاع کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ ان کے بقول، اسرائیل سے جرائم، قتل عام اور توسیع پسندانہ عزائم کے سوا کسی چیز کی توقع نہیں کی جا سکتی، جبکہ امریکا اسرائیل کو فوجی حمایت اور سیاسی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

فیاض نے لبنانی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے اسرائیلی جارحیت کے نتائج کے سامنے پسپائی اختیار کی، عوام کو قتل و تباہی کے رحم و کرم پر چھوڑا اور اپنی پالیسیوں کے ذریعے جارحیت کے اثرات کو اندرونِ لبنان بھی آگے بڑھانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں نے مزاحمت کو ایک غیر قانونی تنظیم کے طور پر پیش کیا اور اس کے سیاسی و سماجی کردار کو ختم کرنے، اسے سیاسی طور پر محصور کرنے اور ریاستی اداروں سے دور رکھنے کی کوششیں کیں۔

حزب اللہ کے رکن پارلیمنٹ کے مطابق، حکومت نے امریکا کی مکمل پیروی اور اسرائیل کے ساتھ نرمی پر مبنی پالیسی اختیار کی، جس کے تحت ایرانی سفیر کو ملک سے نکالنے اور ایران کے لیے پروازیں روکنے جیسے اقدامات بھی کیے گئے۔

علی فیاض نے خبردار کیا کہ مزاحمت کے خاتمے کے لیے اسرائیل پر انحصار لبنان کے لیے خطرناک غلط اندازہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت کی کوئی حد نہیں اور لبنان کی جانب سے دی جانے والی رعایتیں بھی اسے حملے بڑھانے سے نہیں روکتیں۔

انہوں نے لبنانی حکومت پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی انتخابات کے نتائج کا انتظار کرنے کے بجائے اپنی ناکام پالیسیوں پر نظرثانی کرے، عوام کے سامنے حقائق رکھے اور اسرائیلی قبضے و جارحیت کے مقابلے میں لبنانی دھڑوں کے درمیان مفاہمت کو اپنی ترجیح بنائے

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha