اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے سفیر علی محمد رضائی نے یمن کے نائب وزیر خارجہ عبدالواحد ابوراس سے ملاقات کی اور یمن کے مغربی ساحلی محاذ پر حالیہ کامیابیوں پر حکومت اور عوام ایران کی جانب سے یمن کو مبارکباد پیش کی۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے ایران اور یمن کے درمیان باہمی تعاون کے مختلف شعبوں اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی سفیر نے یمن کی حالیہ کامیابیوں پر یمن کی قیادت، حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے ایران کی حمایت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران جارحیت اور محاصرے کے خاتمے اور امن کے قیام کی کوششوں میں یمن کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
ملاقات میں یمن کے نائب وزیر خارجہ نے ملک کی داخلی صورتحال اور مغربی ساحلی علاقوں میں یمنی مسلح افواج کی کارروائیوں کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ ان کارروائیوں میں یمنی فورسز کو کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
عبدالواحد ابوراس نے ایک بار پھر یمنی عوام کی استقامت اور امریکا و اسرائیل کے خلاف جنگ میں ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایران اور یمن کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی امید بھی ظاہر کی۔
آپ کا تبصرہ