6 ستمبر 2026 - 16:44
میجر جنرل عبداللہی: امریکہ کو 80 سال سے ایران کی جانب سے صرف انکار ہی ملا ہے

تہران: ایرانی مسلح افواج کے سربراہِ اعلیٰ اور مرکزی ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ ایران کبھی دشمن کے سامنے تسلیم نہیں ہوگا اور امریکہ و اسرائیل جنگی محاذ پر ناکامیوں کے بعد اب نفسیاتی اور معاشی دباؤ کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، میجر جنرل علی عبداللہی نے نرم جنگ کے ذمہ داران کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ایران کے خلاف جامع، نفسیاتی اور ذہنی جنگ مسلط کیے ہوئے ہے، جس کا ایک اہم حصہ ذرائع ابلاغ اور بیانیے کی جنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو گزشتہ 80 برس کے دوران ایران سے کبھی ہاں نہیں بلکہ ہمیشہ انکار ہی سننے کو ملا ہے۔ ان کے بقول، ایران پر حملے سے قبل امریکی حکام یہ غلط فہمی رکھتے تھے کہ ایرانی قوم دباؤ کے سامنے تسلیم ہو جائے گی، تاہم یہ تصور کبھی حقیقت نہیں بن سکتا۔

میجر جنرل عبداللہی نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی حکام ایران اور مزاحمتی محاذ کے خلاف فوجی اور علاقائی ناکامیوں کا ازالہ نرم جنگ، ذہنی جنگ اور معاشی دباؤ کے ذریعے کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایرانی عوام کی استقامت اور حکام کی حکمتِ عملی کے باعث وہ اس محاذ پر بھی اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور تمام ملکی و بین الاقوامی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ضروری ہے۔ ان کے مطابق دشمن کے خلاف جنگ میں ذرائع ابلاغ اور مؤثر بیانیہ سازی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور اس محاذ پر کام کرنے والوں کی ذمہ داری بہت اہم ہے۔

ایرانی فوجی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ ایرانی مسلح افواج نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے درپیش خطرات کا مقابلہ کرتے ہوئے کئی مواقع پر پہل اپنے ہاتھ میں رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے مذہبی اور قومی اقدار پر قائم رہتے ہوئے دنیا کے سامنے مزاحمت کا ایک نیا نمونہ پیش کیا ہے۔

میجر جنرل عبداللہی نے کہا کہ آنے والی دنیا ماضی کی دنیا سے مختلف ہوگی اور ان کے بقول یہ تبدیلی ایران کے حق میں جبکہ امریکہ کی طاقت کے زوال کا باعث بنے گی۔

اجلاس کے اختتام پر انہوں نے ذرائع ابلاغ اور نرم جنگ کے محاذ پر کام کرنے والے افراد کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ حقائق کی وضاحت، دشمن کے بیانیے کا مقابلہ اور معاشرے میں امید پیدا کرنے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha