19 اگست 2026 - 15:50
اسرائیلی فوج کا جنوبی شام پر دھاوا، قنیطرہ میں 2 شہری اغوا

اسرائیلی فوج نے جنوبی مغربی شام کے صوبے قنیطرہ کے نواحی علاقے پر حملہ کرکے دو شامی شہریوں کو اغوا کرلیا، جبکہ گزشتہ شب اسرائیلی توپ خانے نے درعا کے علاقے کو بھی نشانہ بنایا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسرائیلی فوج نے بدھ کی صبح جنوبی مغربی شام کے صوبہ قنیطرہ کے نواحی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے دو شامی شہریوں کو اغوا کرلیا۔

الجزیرہ کے مطابق، اسرائیلی فوج نے صبح سویرے قنیطرہ کے نواح میں واقع جباتا الخشب علاقے پر دھاوا بولا اور دو شامی شہریوں کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئی۔ اس سے قبل گزشتہ شب بھی اسرائیلی فوج نے جنوبی شام کے مختلف علاقوں پر توپ خانے سے گولہ باری کی۔

شامی سرکاری خبر رساں ادارے الاخباریہ نے اس کارروائی کو شام کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی توپ خانے نے جنوبی شام میں درعا کے مغربی نواحی علاقے میں واقع عابدین گاؤں کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز بھی شمال مغربی شام کے صوبہ ادلب کے نواح میں واقع ابو الظهور فوجی ہوائی اڈے پر فضائی حملہ کیا تھا۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے اس حملے کے دوران ہوائی اڈے کے رن وے کو چار مرتبہ نشانہ بنایا۔

شام کی وزارت خارجہ نے ابو الظهور فوجی ہوائی اڈے پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ’’بلاجواز جارحیت اور شام کی خودمختاری و سالمیت کی کھلی خلاف ورزی‘‘ قرار دیا۔

شامی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کا تسلسل شام میں استحکام کے عمل کو کمزور کرنے کی اسرائیل کی مسلسل کوششوں کو ایک بار پھر واضح کرتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha