13 اگست 2026 - 17:25
اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں فلسطینی صحافی کو گرفتار کرلیا

قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی صحافی محمد عوض کو ان کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔ فلسطینی قیدیوں کے کلب کے مطابق اس گرفتاری کے بعد اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی صحافیوں اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کی تعداد تقریباً 40 ہوگئی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک فلسطینی صحافی کو گرفتار کرلیا۔

38 سالہ فلسطینی صحافی محمد عوض کی اہلیہ ایمان شلش نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی بدھ کی صبح 6 بجے مغربی رام اللہ میں واقع ان کے گھر میں داخل ہوئے اور ان کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے کارروائی کے دوران محمد عوض کی آنکھوں پر پٹی باندھ دی، ان کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگائیں اور انہیں ایک فوجی گاڑی میں منتقل کردیا۔

محمد عوض تین بچوں کے والد ہیں اور خبر رساں ادارے اے ایف پی سمیت متعدد ذرائع ابلاغ کے ساتھ آزاد صحافی کی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے تاحال اے ایف پی کی جانب سے صحافی محمد عوض کی گرفتاری کی وجوہات کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔ اس کے علاوہ محمد عوض سے بھی رابطہ ممکن نہیں ہوسکا۔

فلسطینی قیدیوں کے کلب نے اعلان کیا ہے کہ صحافی محمد عوض کی گرفتاری کے بعد اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی صحافیوں اور صحافتی شعبے سے وابستہ افراد کی تعداد تقریباً 40 ہوگئی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha