10 اگست 2026 - 16:35
میجر جنرل عبداللہی: قومی سلامتی کونسل میں محسن رضائی کی موجودگی عسکری محاذ اور سفارت کاری میں تزویراتی ہم آہنگی کو نئی شکل دے سکتی ہے

تہران: ایران کی مسلح افواج کے مرکزی کمانڈ ہیڈکوارٹر کے سربراہ میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل میں محسن رضائی کی موجودگی عسکری محاذ اور سفارت کاری، نیز اقتصادی اور سیاسی سلامتی کے درمیان تزویراتی ہم آہنگی کو نئی شکل دے سکتی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایران کی مسلح افواج کے مرکزی کمانڈ ہیڈکوارٹر کے سربراہ میجر جنرل پاسدار پائلٹ علی عبداللہی نے محسن رضائی کے نام اپنے پیغام میں قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کے سیکریٹری اور اس کونسل میں رہبر انقلاب کے نمائندے کے طور پر ان کی تقرری پر مبارک باد پیش کی۔

میجر جنرل عبداللہی نے کہا کہ آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران سپاہ پاسداران کی کمان، سپاہ کی انٹیلی جنس تنظیم کے قیام، 24 سال تک مجمع تشخیص مصلحت نظام کے سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات اور ملکی اقتصادی پالیسی سازی اور قومی ترقی کے وژن کی تدوین میں محسن رضائی کا اہم کردار ان کی غیر معمولی صلاحیتوں اور موجودہ پیچیدہ حالات میں مؤثر قیادت کی اہلیت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ حالات میں، جب ایران کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مسلط کردہ ہائبرڈ جنگ اور ہمہ جہت خطرات کا سامنا ہے، قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل میں محسن رضائی کی موجودگی عسکری محاذ اور سفارت کاری، اقتصادی و سیاسی سلامتی کے درمیان تزویراتی ہم آہنگی کو مزاحمت اور امید پر مبنی حکمرانی کے نقطۂ نظر کے تحت نئی شکل دے سکتی ہے۔

میجر جنرل عبداللہی نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ خاتم الانبیاء مرکزی کمانڈ اور مسلح افواج کا جنرل اسٹاف، رہبر انقلاب آیت اللہ امام سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں، قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کے فرائض کی انجام دہی اور رہبر انقلاب کی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے ہر قسم کے تعاون کی مکمل آمادگی کا اعلان کرتا ہے۔

انہوں نے محسن رضائی کے لیے اسلامی نظام اور اسلامی انقلاب کی خدمت میں مزید کامیابیوں کی دعا بھی کی۔

قابل ذکر ہے کہ آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے اتوار کی شب 9 آگست کو ایک حکم کے ذریعے ڈاکٹر محسن رضائی کو قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل میں اپنا نمائندہ مقرر کیا تھا۔

اس حکم کے بعد صدرِ ایران کے دفتر کے شعبہ مواصلات و اطلاعات کے معاون نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اعلان کیا کہ صدر مسعود پزشکیان کے حکم کے تحت محسن رضائی کو قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کا سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha