اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، لبنان کی وزارتِ توانائی و آبی وسائل کے فیصلے کے تحت سرکاری نرخ نامے میں "گیس سلنڈروں کی تبدیلی" کی مد میں مقررہ رقم 1.4 ڈالر سے بڑھا کر 1.7 ڈالر کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد صارفین کو فی ٹن گیس تقریباً 30 ڈالر اضافی ادا کرنا ہوں گے، جبکہ 10 کلوگرام گیس سلنڈر کی فروختی قیمت بڑھ کر تقریباً 11 لاکھ 15 ہزار لبنانی لیرہ، یعنی 12.45 ڈالر ہو گئی ہے۔
لبنان گیس ڈسٹری بیوٹرز یونین کے سربراہ فرید زینون نے کہا کہ حالیہ اضافہ صرف 30 سینٹ فی سلنڈر ہے اور اس کا قیمتوں میں 10 فیصد اضافے سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق، گیس سلنڈروں کی تبدیلی کی یہ مد 2016 سے قیمتوں کے نظام کا حصہ ہے اور اب تک مارکیٹ میں موجود تقریباً 85 فیصد سلنڈر تبدیل کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ اضافہ عارضی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد صہیونی حکومت کے حملوں کے دوران نقصان اٹھانے والے گیس سلنڈروں کی تبدیلی کے اخراجات پورے کرنا ہے۔ فرید زینون نے گیس فروخت کرنے والے مراکز پر زور دیا کہ وہ سرکاری نرخوں کی پابندی کریں، جبکہ وزارتِ معیشت سے بھی مطالبہ کیا کہ نگرانی سخت کر کے ناجائز منافع خوری کا راستہ روکا جائے۔
آپ کا تبصرہ