29 مئی 2026 - 19:12
امریکا کی ایران پر نئی پابندیاں؛ ایرانی فضائی کمپنیوں کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کا اعلان

امریکی وزارت خزانہ کے مطابق ایران کی ایئرلائنز کو ایئرپورٹس، ایندھن اور ٹکٹنگ سسٹم تک رسائی سے محروم کیا جائے گا

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، امریکی وزارت خزانہ نے ایران کے خلاف نئی اور وسیع پابندیوں کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد ایرانی فضائی کمپنیوں اور ان سے منسلک بین الاقوامی اداروں پر دباؤ بڑھانا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران کی ایئرلائنز کو ایئرپورٹس اور لینڈنگ سہولیات تک رسائی سے روکا جائے گا، جبکہ ان کے لیے ایندھن کی فراہمی اور ٹکٹوں کی فروخت بھی محدود کی جائے گی۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی دو فضائی کمپنیوں کی ایئرپورٹس تک رسائی بند کی جا رہی ہے اور ان کے آپریشنز کو مزید سخت پابندیوں کا سامنا ہوگا۔ ان کے مطابق یہ اقدامات ایران پر دباؤ بڑھانے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔

اگرچہ انہوں نے کمپنیوں کے نام واضح طور پر نہیں بتائے، تاہم اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ ایران کی قومی ایئرلائن ایران ایئر اور ماہان ایئر کو پہلے ہی پابندیوں کا نشانہ بنا چکا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ کے مطابق بعض انسانی اور مذہبی پروازوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا، جن میں حج اور دیگر انسانی مقاصد کے لیے پروازیں شامل ہیں۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ یہ اقدامات مذاکرات میں پیش رفت سے مشروط ہیں اور اگر ایران مطلوبہ نتائج کی طرف آتا ہے تو یہ پابندیاں ختم کی جا سکتی ہیں۔

دوسری جانب رپورٹ کے مطابق امریکہ نے حال ہی میں خلیج فارس میں کشتی رانی کے راستوں کی نگرانی کے لیے قائم ایک نئے ایرانی ادارے پر بھی پابندیاں عائد کی ہیں، جبکہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے متعلق اقدامات کے بعد عالمی توانائی منڈیوں میں بھی غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha