17 مئی 2010 - 19:30

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملت جعفریہ اور آئی ایس او کے تحفظات بہت جلد دور کر دوں گا

 وزیرداخلہ نے علامہ عباس کمیلی سے بات گفتگوکے دوران مزید کہا کہ میں بیان کے حوالے سے جلد اپنے موقف کی وضاحت پیش کرونگا۔   سربراہ جعفریہ الائنس پاکستان علامہ عباس کمیلی نے رحمان ملک سے کہا کہ آئی ایس او پاکستان ملت جعفریہ کی واحد نمائندہ اور ملک گیر طلباء تنظیم ہے جو کہ گزشتہ تین دہائیوں سے مملکت خداداد پاکستان میں اتحاد بین المسلمین اور مذہبی ہم آہنگی کے لئے سر گرم عمل ہےجبکہ حکومت کی جانب سے دو روز قبل بے بنیاد الزام عائد کیا گیاہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ رحمان ملک  نے علامہ کمیلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علماء مذہبی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے اپنا کردار ادا کریں ان کاکہنا تھا کہ ملک انتہائی نازک حالات سے گذر رہاہے اور ملک کو عدم استحکام سے بچانے کے لئے ملت جعفریہ حکومت کے شانہ بہ شانہ کردار ادا کرے۔

سربراہ جعفریہ الائنس پاکستان علامہ عباس کمیلی نے اس موقع پر رحمان ملک کو یقین دہانی کروائی کہ علمائے تشیع اور ملت جعفریہ پاکستان ملک کو عدم استحکام سے نکالنے میں پیش پیش رہے گی اور ماضی میں بھی رہی ہے

/152