17 مئی 2010 - 19:30

لاہور کینٹ سمیت شہر کے مختلف علاقے گزشتہ روز 9 دھماکوں سے لرز اٹھے، جمعہ کو ہونے والی دہشتگردی کی کارروائیوں میں 9فوجی جوانوں سمیت57افراد جاں بحق اور100زخمی ہوگئے۔تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی(العالمی) نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق  جمعہ کی دوپہر12 بجکر 48 منٹ پر لاہور کے آر اے بازار میں خودکش حملہ آور نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی سے خود کو ٹکرا کر دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار9 فوجی جوان موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

اس واقعہ کے 12 سیکنڈ بعد آر اے بازار بس اسٹینڈ پر ایک اور خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکہ سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 48 افراد جاں بحق ہوئے۔ پولیس ایس ایس پی آپریشن چوہدری شفیق گجر نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں خودکش حملہ آور پیدل تھے اور دھماکہ میں 10 کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔

  سیکورٹی اور پولیس اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ایک مشکوک شخص کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے اور علاقہ میں سیکورٹی انتظامات انتہائی سخت کردیئے گئے ہیں جبکہ واقعہ کے بعد فضا میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر علاقے کا معائنہ کرتا رہا۔ کینٹ کے علاقے میں ہونیو الے دھماکے انتہائی شدت کے تھے جن کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ قریبی عمارتوں میں دراڑیں پڑگئیں اورشیشے ٹوٹ گئے اور علاقے سے کالا دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

ذرائع کے مطابق لاہور کینٹ کے اس علاقے میں گیریڑن سیکورٹی آفس کی گاڑیاں گشت کررہی تھیں کہ آراے بازار کے بس اسٹینڈکے قریب دو خودکش حملہ آوروں نے ان کے قریب جا کرخود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ ایس ایس پی آپریشنز چوہدری شفیق نے میڈیاکو بتایا کہ حملہ آور دو تھے جو پیدل آئے اور گیریڑن سکیورٹی فورس کی گاڑیوں کونشانہ بنایا ۔

دوسری جانب گزشتہ رات گئے لاہور کے علاقے اقبال ٹاوٴ ن کے کشمیر بلاک میں ایک گھنٹے لگا تار 5 اور سمن آباد اور شادمان میں ایک ایک دھماکے ہوئے۔ پہلا دھماکا علامہ اقبال ٹاوٴن کے کشمیر بلاک میں تھانے کے قریب خالی گراوٴنڈ میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ گراوٴنڈ میں دبائے گئے بارود پھٹنے سے ہوا۔ دھماکا انتہائی شدید تھا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے،دھماکے سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا، دکانیں بند ہوگئیں،بعض اطلاعات کے مطابق پہلے دھماکے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، کچھ ہی دیر بعداسی علاقے میں پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن انعام الحق کے گھر کے باہر کھڑی کار میں دوسرا دھماکا ہوا۔

پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کاعملہ اس کا معائنہ کر ہی رہا تھاکہ تھوڑی دور واقع ایدھی سینٹر کے قریب تیسرا دھماکا ہوگیا۔ چوتھا دھماکا ہما بلاک میں اسپتال سے ملحق ایک پولیس اہلکار کے گھرکے گیراج میں ہوا ہے اور اس دھماکے میں بھی 3 افراد زخمی ہوئے۔

 پولیس کے مطابق یہ کریکر کے دھماکے ہیں اور ان میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پانچواں دھماکا اقبال ٹاوٴن کے کریم بلاک میں ہوا ہے۔ پولیس نے اقبال ٹاوٴن سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلی پنجاب نے رات گئے اقبال ٹاؤن کا دورہ کیا اور جائے حادثے کا معائنہ کیا۔

152/