کوئٹہ میں امام بارگاہ میں داخل ہونے والا حملہ آور پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ اما م بارگاہ کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گیا ۔شہر کے نواحی علاقے قنبرانی روڈ سے متصل کلی کشمیر آباد میں واقع امام بارگاہ جعفریہ میں پستول تانے ایک شخص داخل ہوگیا جس نے امام بارگاہ کے منتظم کو للکارتے ہوئے فائرنگ کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔امام بارگاہ کے دروازے پر موجود پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور مارا گیا جس کی لاش پولیس نے قبضے میں لے لی ۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد علاقے میں پہنچ گئی اسی دوران امام بارگاہ سے کچھ فاصلے پر کھڑے سیکیورٹی اہکاروں پر نامعلوم افرادنے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار کے سر میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا ۔ سیکیورٹی اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔