17 مئی 2010 - 19:30

ٹل کے قریب سیکورٹی فورسز کی نگرانی میں جانے والی مسافر گاڑیوں کے قافلے پر دہشت گردوں کے خودکش حملہ ایران و عراق کی زیارات سے واپس جانے والے زائرین کی گاڑیان نشانہ بن گئیں؛ 14 افراد شہید اور 40 زخمی ہوئے اور متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز پشاور سے کرم ایجنسی جانے والے مسافر کانوائے پر ٹل کے مقام پر خودکش حملے کے نتیجے میں خواتین سمیت 14 افراد شہید جبکہ 35 زخمی ہو گئے، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پورا علاقہ لرز اٹھا۔ قریبی سکول اور متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ خودکش حملہ کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
خودکش دھماکہ کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر ٹل شہر سمیت علاقہ سیل کر دیا جبکہ ٹل کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
شہید اور زخمی ہونے والوں میں شیعہ زائرین سمیت متعدد سنی برادران منجملہ ایک مقامی اسکول کے 13 طالبعلم شامل ہیں.
شہید ہونے والوں میں عبدالسلام، بلال خان، قادر خان، رفیق علی، صفدر علی، کامل حسین، حاجی محمد یونس، حامد حسین، زینو بی بی، بی بی مریم، گوہر نساء، نازیہ بی بی شامل ہیں؛
جبکہ زخمیوں میں سلیمان، ثناء اللہ، حسین احمد، عمر فاروق، ابوبکر، سلیمان خان، سنار گل، شمس الرحیم، لیاقت علی، مجیب علی، امجد علی، عاشق حسین، باقر حسین، رحمت حسین، جعفر علی، حسین علی، جمال حسین، علی احمد، ارباب علی، خدیجہ بی بی، اسلام بی بی، چنار گلہ، نادیہ بی بی، زکیہ بی بی، آسیہ بی بی، حسینہ بی بی، بی بی جانہ، بخت النساء، نوریہ بی بی شامل ہیں۔
خودکش دھماکے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز نے ٹل شہر میں کرفیو نافذ کر دیا۔ زخمیوں کو ہنگو اسپتال اور سی ایم ایچ ٹل منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کانوائے میں مجموعی طور پر 143 ٹرک جبکہ 70 سے زائد فلائنگ کوچز شامل تھیں۔
شہید ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ پایا جارہا ہے جبکہ زخمیوں کو پشاور اور دیگر جگہوں پر منتقل کیا جارہا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور پیدل تھا جو ہتھ ریڑھی لے کر کانوائے میں داخل ہوا تھا ایک اور اطلاع کے مطابق حملہ آور کی دونوں ٹانگیں مل گئی ہیں جو سکیورٹی فورسز نے قبضے میں لے لی ہیں اطلاع کے مطابق زخمیوں میں ایک مقامی سکول کے تیرہ طالب علم بھی شامل ہیں۔

...........................

/110