پرنس چارلس نے مسلمان خواتین آرٹسٹوں کی تیار کردہ پینٹنگز، خطاطی اور کشیدہ کاری اور دیگر مختلف کاموں کی بے حد تعریف کی اور مشائخ و علمائے کرام شیخ محمد ہشام کبانی، علامہ غلام ربانی افغانی، پیرزادہ سردار احمد قادری، علامہ عظیم جی، رسول بخش سعیدی، سید عرفان شاہ مشہدی، مولانا بوستان قادری، مفتی منیر الزمان چشتی اور مولانا محمد اعظم چشتی سے اسلام کے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ مسٹر چشتی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے اسلام میں مہمان کی عزت و احترام پر روشنی ڈالتے ہوئے ولی عہد پرنس چارلس کا خیرمقدم کیا اور اسلام میں بھائی چارے، امن اور درگزر کے علاوہ صوفی ازم کے عالمی رہنما شیخ کبانی کی مغرب میں کوششوں پر روشنی ڈالی۔ نعت و قوالی اور مخصوص محفل سماع کا بھی اہتمام کیا گیا جسے پرنس آف ویلز نے پسند کیا۔ انہوں نے روزنامہ جنگ کے نمائندے علامہ عظیم جی کے ساتھ مصافحہ کرتے ہوئے ادارہ جنگ کی تعریف کی اور کہا کہ جنگ نے برطانیہ میں ملٹی کلچرل سوسائٹی کی ہم آہنگی کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ علامہ غلام ربانی نے برطانیہ میں مسلمانوں کی امن پسندی اور پرامن نظریات کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان امن کے پیروکار اور درگزر پر یقین رکھتے ہیں۔
/152 - /110