اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے شہر فرخ آباد میں نامعلوم شرپسندوں نے ایک شیعہ مذہبی مقام میں توڑ پھوڑ اور آتش زنی کی واردات انجام دی۔
اطلاعات کے مطابق بدھ کی رات دیر گئے چند نامعلوم افراد نے چلسرا روڈ پر واقع شیعہ برادری کے مقدس کربلا/درگاہ “مولا علی نجف الاشرف” میں داخل ہو کر وہاں رکھے تعزیوں کو آگ لگا دی اور دو قبروں حفیظ اور حاجی کو نقصان پہنچایا۔
درگاہ کے نگران صابر علی کو جمعرات کی صبح اس واقعے کا علم ہوا۔ جب تالہ کھولا گیا تو دیکھا گیا کہ تعزیے مکمل طور پر جل کر خاک ہو چکے تھے، جبکہ علم اور دیگر مذہبی اشیاء بھی آگ سے متاثر ہوئیں۔ قریب واقع ایک پرانی عمارت میں رکھا سامان بھی آگ کی لپیٹ میں آ گیا تھا۔ دھواں اور جلی ہوئی باقیات دیکھ کر فوراً پولیس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی مقامی تھانے کے انچارج بھاری پولیس نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے، جبکہ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پایا۔ بعد ازاں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر آرتی سنگھ اور دیگر اعلیٰ حکام نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ فرانزک ٹیم نے بھی شواہد اکٹھے کیے۔
درگاہ کے متولی شریف حسین رضوی نے تھانہ مودروازہ میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کراتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تعزیوں کو جان بوجھ کر نذرِ آتش کیا گیا اور قبروں کی بے حرمتی کی گئی۔
ایس پی ڈاکٹر آرتی سنگھ کا کہنا ہے کہ واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تین خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ اطراف کے علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے سخت کارروائی کی جائے گی۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر علاقے میں پولیس تعینات کر دی گئی ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔
متولی کے مطابق تقریباً پانچ سے چھ ماہ قبل بھی اسی مقام پر چوری کی واردات پیش آئی تھی، جس میں سی سی ٹی وی کیمرے، ایل سی ڈی اور چاندی کے علم چوری کر لیے گئے تھے۔ اس سلسلے میں بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
آپ کا تبصرہ