اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، مرکز اطلاعاتِ فلسطین کے مطابق باسم نعیم نے بتایا کہ صہیونی قابض فوج نے بالآخر غزہ کی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کو تسلیم کر لیا ہے، جن کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک تقریباً 70 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تعداد ان لاپتہ افراد کو شامل نہیں کرتی جو اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ صحت کے مستند اعداد و شمار کے مطابق براہِ راست صہیونی فوجی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 71 ہزار 667 تک پہنچ چکی ہے، جن کی تصدیق اقوامِ متحدہ اور دیگر بین الاقوامی ادارے بھی کر چکے ہیں۔
باسم نعیم نے بی بی سی، سی این این، نیویارک ٹائمز اور فاکس نیوز سمیت بڑے مغربی میڈیا اداروں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان میڈیا نیٹ ورکس نے جنگ کے دوران اندھا دھند صہیونی بیانیے کی حمایت کی، جبکہ فلسطینی حقائق کو نظرانداز کیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صہیونی لابیز اور مفاداتی تعلقات نے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔
حماس رہنما نے مطالبہ کیا کہ یہ میڈیا ادارے نہ صرف اپنی جانبدارانہ رپورٹنگ پر معافی مانگیں بلکہ ان صحافیوں اور کارکنوں کو بھی بحال کریں جنہیں فلسطینی عوام کے حق میں مؤقف اختیار کرنے پر برطرف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ادارے واقعی آزادیِ اظہار، انسانی وقار اور انسانی حقوق کے داعی ہیں تو انہیں اپنی اقدار پر سنجیدگی سے نظرثانی کرنا ہوگی۔
آپ کا تبصرہ