اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایران کے ایک اعلیٰ سطحی عہدیدار نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی تو ایرانی فوج بدترین حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
الجزیرہ قطر کے مطابق، اقوامِ متحدہ میں ایران کی نمائندگی نے ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ اگرچہ ایران کسی حقیقی تصادم کا خواہاں نہیں، تاہم اس کی مسلح افواج ہر ممکنہ منظرنامے کے لیے آمادہ ہیں۔
نام ظاہر نہ کرنے والے اس عہدیدار نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے کسی بھی حملے کو ایران اپنی قومی سلامتی کے لیے ایک وجودی خطرہ تصور کرے گا۔
انہوں نے امریکہ اور صہیونی رژیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی کوشش کے نتائج پورے خطے کے لیے تباہ کن ہوں گے، کیونکہ ایران کا انہدام براہ راست علاقائی انہدام کا باعث بنے گا، اور یہی وہ ہدف ہے جسے اسرائیل آگے بڑھا رہا ہے۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق، ایران کی موجودہ دفاعی اور سکیورٹی صورتحال بارہ روزہ جنگ کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط ہے اور اب دشمن کے لیے کوئی حیران کن اقدام ممکن نہیں رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں جن امور پر غور کیا جا رہا ہے، ان میں جوہری مذاکرات کی بحالی کا امکان بھی شامل ہے۔
آپ کا تبصرہ