21 جنوری 2026 - 16:17
طالبان اسلام آباد میں اکو اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے

وزارتِ خارجہ طالبان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ باضابطہ دعوت نامہ موصول ہونے کے باوجود افغان وفد اسلام آباد میں ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو) کے قدرتی آفات سے متعلق اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، کابل میں طالبان حکومت کی وزارتِ خارجہ نے بتایا ہے کہ افغانستان، اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو) کے قدرتی آفات سے متعلق اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔

وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اکو کی جانب سے سرکاری دعوت نامہ موصول ہونے کے باوجود، تفصیلی جائزے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ اس اجلاس میں افغان وفد کی شرکت قومی مفادات اور ممکنہ عملی فوائد کے لحاظ سے سودمند نہیں ہے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات بدستور کشیدگی کا شکار ہیں۔

طالبان حکومت حالیہ مہینوں میں کئی بار ایسے بین الاقوامی اور علاقائی اجلاسوں میں شرکت سے گریز کر چکی ہے جنہیں وہ اپنے مفادات کے مطابق نہیں سمجھتی۔ ان میں اقوام متحدہ کے تحت دوحہ میں منعقد ہونے والے اجلاس بھی شامل ہیں، جن میں طالبان نے اپنی شرائط (جیسے افغانستان کی واحد نمائندگی کی منظوری) تسلیم نہ کیے جانے کے باعث شرکت نہیں کی تھی۔

اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو) دس علاقائی ممالک پر مشتمل ہے، جن میں افغانستان، پاکستان، ایران اور ترکیہ شامل ہیں، اور اس کا مقصد تجارت کے فروغ، علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ تاہم قدرتی آفات سے متعلق اس تخصصی اجلاس میں افغانستان کی عدم شرکت، کابل کے لیے قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے امداد اور علاقائی ہم آہنگی کے مواقع محدود کر سکتی ہے۔

مبصرین کے مطابق یہ اقدام طالبان کی خارجہ پالیسی میں محتاط طرزِ عمل کا حصہ ہے، جس میں ایسے اجلاسوں سے دوری کو ترجیح دی جاتی ہے جہاں ان کی داخلی پالیسیوں پر تنقید کا امکان ہو یا جہاں انہیں خاطر خواہ فائدہ نظر نہ آتا ہو۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha