31 دسمبر 2025 - 16:37
دادو: علامہ مقصود علی ڈومکی کا ضلع دادو کا تنظیمی دورہ، یونٹ سازی تیز کرنے کی ہدایت

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبہ سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے صوبائی تنظیمی دورے کے تیسرے روز ضلع دادو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ضلعی اور تحصیل سطح پر تنظیمی امور کا جائزہ لیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، دورے کے دوران علامہ مقصود علی ڈومکی نے مدرسہ صاحب العصر دادو میں ضلعی آرگنائزر مولانا صادق رضا نجفی اور امتیاز علی گویانگ سے ملاقات کی، جبکہ میہڑ میں ضلعی و تحصیل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین محسن علی شیخ، منظور حسین چنا، عبداللطیف عبدالرؤف چانڈیو، واحد علی چانڈیو اور دیگر کے ساتھ تفصیلی اجلاس کیا۔

اجلاس میں ضلعی و تحصیل آرگنائزنگ کمیٹی نے ضلع بھر میں یونٹ سازی اور تنظیمِ نو کے عمل سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریکِ تحفظِ آئین پاکستان کا مقصد ملک میں آمریت اور لاقانونیت کے راستے کو روکنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر آئین اور جمہوریت کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اس وقت ملک کے مظلوم عوام کی مؤثر آواز ہیں اور ایوانِ بالا میں قرآن و سنت اور سیرتِ اہل بیتؑ کی روشنی میں عوامی حقوق اور عدل و انصاف کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اصولی اور مخلص جدوجہد سے متاثر ہو کر لوگ بڑی تعداد میں تنظیم میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ عاشقانِ اہل بیتؑ اور حسینیت کی سرزمین ہے اور ان شاء اللہ مجلس وحدت مسلمین جلد سندھ میں ایک مضبوط عوامی جماعت کے طور پر ابھرے گی۔

آخر میں انہوں نے تنظیمی ذمہ داران پر زور دیا کہ یونٹ سازی اور توسیعِ تنظیم کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور دن رات محنت کے ذریعے تنظیم کو اگلے مرحلے تک پہنچایا جائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha