22 دسمبر 2025 - 19:08
ہنگو میں علامہ شیخ جواد حسین کی 27ویں اور علامہ شیخ محسن علی نجفی کی دوسری برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

علماء کرام کی جامع مسجد فیض اللہ میں روحانی تقریب، مرحومین کی دینی اور فکری خدمات کو زبردست خراج عقیدت

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، علامہ شیخ جواد حسین مرحوم کی 27ویں اور علامہ شیخ محسن علی نجفی کی دوسری برسی ہنگو میں عقیدت و احترام سے منائی گئی۔

علامہ شیخ جواد حسین مرحوم کا شمار برصغیر پاک و ہند کے ان عظیم اور بزرگ علماء کرام میں ہوتا ہے جن کی دینی، فکری اور روحانی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ خطیب ہنگو علامہ خورشید انور جوادی اور دیگر علماء کرام نے جامع مسجد فیض اللہ میں منعقدہ روحانی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ تقریب علامہ شیخ جواد حسین مرحوم کی 27ویں برسی اور علامہ شیخ محسن علی نجفی کی دوسری برسی کے موقع پر منعقد کی گئی۔

مقررین نے کہا کہ اگرچہ علامہ شیخ جواد حسین مرحوم کو اس دار فانی سے رخصت ہوئے 27 برس گزر چکے ہیں، تاہم باشعور عوام آج بھی ان کی بے لوث خدمات اور احسانات کو فراموش نہیں کر سکے۔

مرحوم نے تقریباً پچاس سال تک علاقہ بنگش، اورکزئی اور ضلع کرم کے عوام کی فکری، دینی اور روحانی تربیت کی اور ایک مضبوط دینی و اخلاقی معاشرے کی بنیاد رکھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے مرحوم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ علامہ شیخ جواد حسین مرحوم نے تبلیغی سرگرمیوں کے سلسلے میں 1928ء سے 1930ء تک بمبئی (انڈیا) میں قیام کیا، 1931ء میں دہلی، آگرہ اور میرٹھ جبکہ 1932ء اور 1933ء میں علی پور مظفرگڑھ میں دینی خدمات انجام دیں۔

1934ء اور 1935ء میں جھنگ جبکہ 1936ء میں رنگون میں بھی آپ نے تبلیغ دین کا فریضہ سرانجام دیا۔

اسی سال صوبہ خیبر پختونخوا میں آپ کا تقرر بحیثیت قاضی شریعت ہوا۔

علماء نے مزید بتایا کہ علامہ شیخ جواد حسین مرحوم نے 1946ء میں قیام پاکستان کی تحریک میں بھرپور کردار ادا کیا اور قیام پاکستان کے بعد 1948ء سے 1998ء تک پچاس سال سے زائد عرصہ علاقہ بنگش میں امام جمعہ والجماعت اور ضلعی شیعہ خطیب کی حیثیت سے بے مثال خدمات انجام دیں۔

علامہ شیخ جواد حسین مرحوم کی نمایاں خدمات میں دو عظیم دینی اداروں کا قیام شامل ہے جن میں جامعہ باب العلم مبارک پور ضلع اعظم گڑھ (انڈیا) اور جامعہ العسکریہ ہنگو شامل ہیں، جو آج بھی دینی تعلیم کے مراکز کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

تقریب میں حجۃ الاسلام علامہ شیخ انور علی نجفی نے خصوصی شرکت کی، جبکہ علامہ خورشید انور جوادی، علامہ حمید حسین امامی، فرزندان شیخ جواد حسین، ضلع کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی اور ضلع کرم کے علماء کرام سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آخر میں جامعہ العسکریہ کے مدرس اور ڈسٹرکٹ خطیب ہنگو علامہ خورشید انور جوادی نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha