21 دسمبر 2025 - 22:06
مآخذ: سچ خبریں
مراکش میں فلسطین کی حمایت اور اسرائیل سے تعلقات کی معمول سازی کے خلاف عوامی مظاہرے

مراکش کے ہزاروں شہریوں نے ہفتہ کی شب غزہ کے مظلوم عوام سے یکجہتی کے اظہار، فلسطین کی حمایت اور اسرائیلی حکومت کے ساتھ تعلقات کی معمول سازی کی مخالفت میں زبردست مظاہرہ کیا

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، مراکش کے ہزاروں شہریوں نے ہفتہ کی شب غزہ کے مظلوم عوام سے یکجہتی کے اظہار، فلسطین کی حمایت اور اسرائیلی حکومت کے ساتھ تعلقات کی معمول سازی کی مخالفت میں زبردست مظاہرہ کیا۔ یہ احتجاج شمالی شہر طنجہ میں منعقد ہوا جس میں مختلف سماجی اور عوامی حلقوں نے بھرپور شرکت کی۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ مظاہرہ قومی ایکشن گروپ برائے فلسطین کی اپیل پر کیا گیا اور اس کا مقصد غزہ میں جاری انسانی بحران پر توجہ دلانا تھا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور فلسطینی عوام کے حق میں نعرے لگائے۔

احتجاج ایسے وقت میں ہوا جب مراکش اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی معمول سازی کے معاہدے کو پانچ سال مکمل ہو رہے ہیں، جو دسمبر 2020 میں امریکہ کی ثالثی سے طے پایا تھا۔ مظاہرین نے اس معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مراکش کے عوام مزاحمت کے ساتھ ہیں اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو قبول نہیں کرتے۔

شرکاء نے طنجہ کی مرکزی سڑکوں پر مارچ کیا اور غزہ کے شہریوں پر بمباری، محاصرے اور بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اسرائیلی پالیسیوں کی شدید مذمت کی۔ مظاہرے کے دوران فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کو جوابدہ بنانے کے مطالبات پر مبنی نعرے گونجتے رہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد مراکش میں مختلف سیاسی جماعتوں اور عوامی حلقوں نے اس فیصلے کی مخالفت کی تھی۔ بعد ازاں اسرائیلی حکام کے مراکش کے دورے بھی ہوئے تاہم غزہ پر جنگ کے آغاز کے بعد یہ روابط عملی طور پر سرد پڑ گئے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha