اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ صہیونی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں اپنی کارروائیاں جاری رکھیں اور متعدد شہروں اور قصبوں پر یورش کی۔
رپورٹس کے مطابق صہیونی فوج نے رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع قصبے سلواد پر چھاپہ مار کر ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار کیا۔
اسی طرح صہیونی فوج نے بیت لحم کے مشرق میں واقع علاقے جناتہ العروج پر بھی یورش کی۔
فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوج نابلس شہر میں بھی داخل ہوئی اور مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔
رام اللہ کے مغرب میں واقع گاؤں شبتین بھی صہیونی فوجی چھاپوں سے محفوظ نہ رہ سکا، جہاں فوجی دستوں نے متعدد گھروں پر دھاوا بولا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق صہیونی فوج نے الخلیل شہر میں کارروائی کے دوران حارۃ ابو سنیہ کے علاقے سے ایک فلسطینی نوجوان کو اس کے گھر سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
اس کے علاوہ صہیونی فوج نے الخلیل کے جنوب میں واقع شہر دورا پر بھی یورش کی۔
رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوج نے مغربی کنارے میں طوباس کے جنوب میں واقع الفارعہ پناہ گزین کیمپ پر بھی چھاپہ مارا۔
دوسری جانب صہیونی آبادکاروں نے مغربی کنارے میں قلقیلیہ کے مشرق میں قدومیم چوک کے قریب فلسطینیوں کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا، جس کے باعث گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
آپ کا تبصرہ