اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران صہیونی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر فضائی، توپ خانے اور بحری حملے جاری رکھے۔
صہیونی جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے مشرق میں واقع بنی سہیلہ کے علاقے کو متعدد مرتبہ فضائی حملوں کا نشانہ بنایا، جبکہ قابض فوج کے توپ خانے نے شمالی غزہ خصوصاً جبالیہ کے علاقوں پر شدید گولہ باری کی۔
جنوبی غزہ میں بھی صہیونی فوج کی بکتر بند گاڑیوں نے مشرقی خان یونس اور رفح شہر کے شمالی علاقوں پر مسلسل فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں رہائشی اور اطراف کے علاقے براہِ راست نشانے پر رہے۔
اس کے علاوہ صہیونی رژیم کی جنگی کشتیوں نے رفح اور خان یونس کے ساحلی پانیوں میں ماہی گیروں کی کشتیوں پر فائرنگ کی، جس سے ماہی گیروں کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے اور انہیں اپنا کام جاری رکھنے سے روک دیا گیا۔
دوسری جانب مغربی غزہ شہر کی فضاؤں میں صہیونی فوج کے جاسوس ڈرونز کی بڑے پیمانے پر پروازوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جبکہ شہر کے شمال مغربی علاقوں پر گولہ باری کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
آپ کا تبصرہ