اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع شکارپور کے یونٹ امام حسن مجتبیٰؑ کا تنظیمی دورہ کیا۔ اس موقع پر ضلعی صدر اصغر علی سیٹھار، مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ سندھ کے صوبائی صدر سید غلام شبیر نقوی، ضلعی کابینہ کے اراکین، یونٹ کے ذمہ داران اور دیگر کارکنان موجود تھے۔
یونٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے تمام یونٹس کو تنظیم کے دس نکاتی سالانہ پروگرام پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے، کیونکہ اسی پروگرام کے ذریعے یونٹس کو فعال، مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر یونٹ میں مکمل تنظیمی ریکارڈ ہونا ضروری ہے، جس میں عہدیداروں اور ممبران کی تفصیلات اور کارروائی رجسٹر شامل ہوں، جبکہ یونٹ سطح پر مطالعہ جاتی لائبریری کا قیام بھی ناگزیر ہے۔
انہوں نے یونٹ امام حسن مجتبیٰؑ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ یونٹ مسجد محور ہے اور یہاں باقاعدگی سے دینی و تنظیمی سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے دعائے کمیل اور دعائے توسل کے مسلسل انعقاد کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
بعد ازاں علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر عزاداری ونگ سید غلام شبیر نقوی، ضلعی صدر شکارپور اصغر علی سیٹھار، شاکر حسین سومرو، گلزار احمد مہر اور دیگر رہنماؤں نے ضیاء الدین ہاسپیٹل سکھر پہنچ کر شکارپور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈی ایس پی ظہور احمد سومرو کی عیادت کی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شکارپور میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران ڈی ایس پی ظہور احمد سومرو اور ان کی اہلیہ ڈی ایس پی پارس بکھرانی زخمی ہو گئے تھے۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے زخمی پولیس افسران کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آپ کا تبصرہ