
شام کے صدر بشار اسد نے گذشتہ روز ایران کے وزیر خارجہ منوچہر متکی سے ملاقات کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کو خطے کا طاقتور ملک قرار دیتے ہوئے کہا: "تہران اور دمشق کے درمیان خطے کے حالات سے پنپنے کیلئے تعاون روز بروز ترقی کے مراحل طے کر رہا ہے"۔ بشار اسد نے عراق میں دو ماہ بعد انجام پانے والے پارلیمنٹ کے الیکشن کو خطے کیلئے انتہائی اہم اور موثر قرار دیا۔ ایران کے وزیر خارجہ منوچہر متکی نے افغانستان، عراق، فلسطین اور یمن میں بگڑتے ہوئے حالات پر گہری پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے بیرونی قوتوں کو اس کا ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام مسائل خود خواہ قوتوں کی جانب سے خطے کے ممالک کے درمیان تفرقہ اور دشمنی ڈالنے کی غرض سے سازشوں کا نتیجہ ہیں۔