اہلبیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، برطانیہ کے مشرقی مڈلینڈز میں واقع لیسٹرشائر کاؤنٹی کی پولیس نے مسلمان خواتین افسران کے لیے خصوصی حجاب کی تیاری اور باقاعدہ رونمائی کا اعلان کیا ہے۔ یہ منفرد منصوبہ De Montfort University کے تعاون سے مکمل کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد مسلمان خواتین کی سلامتی کو یقینی بنانا، ان کے مذہبی وقار کی حفاظت کرنا اور پولیس فورس میں ان کی شمولیت کو سہل بنانا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے ITV کے مطابق اس حجاب کا ڈیزائن براہِ راست مسلمان خواتین پولیس افسران کی مشاورت سے تیار کیا گیا، تاکہ آرام، شرعی تقاضوں اور عملی ڈیوٹی کی ضروریات تینوں کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جا سکے۔ لیسٹرشائر پولیس کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کو دیگر ہنگامی اداروں کی جانب سے بھی دلچسپی کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے اور مستقبل میں اسے نجی شعبے میں بھی متعارف کرائے جانے کا امکان موجود ہے۔
اس منصوبے کا ابتدائی خیال دو دہائیاں قبل پیش کیا گیا تھا، جس پر 2022 سے باقاعدہ طور پر یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک کے تحت کام شروع ہوا۔ طویل تحقیق اور میدانی تجربات کے بعد یہ خصوصی حجاب اس قابل بنایا گیا کہ وہ بیک وقت سیکیورٹی معیارات اور خواتین کے وقار کے تقاضوں پر پورا اتر سکے۔
لیسٹرشائر کی نئی بھرتی ہونے والی مسلمان خواتین افسران اور دیگر مسلمان پولیس اہلکاروں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس ڈیزائن نے انہیں یہ اطمینان بخشا ہے کہ اب پیشہ ورانہ ذمہ داری اور مذہبی وابستگی کے درمیان کوئی تعارض باقی نہیں رہا۔ پولیس کی ایک اعلیٰ خاتون افسر نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ معیاری اور پیشہ ورانہ حجاب مستقبل میں مزید مسلمان خواتین کو پولیس میں شمولیت کی ترغیب دے گا۔
آپ کا تبصرہ