اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق،امرتسر شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) کے رکن گرچرن سنگھ گریوال نے امریکی فوج میں داڑھی پر پابندی کی خبر کو انتہائی افسوسناک اور تشویشناک بتایا۔ انہوں نے اس فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ فیصلہ سکھ، مسلم اور یہودی برادریوں کو براہ راست متاثر کرے گا۔
گرچرن سنگھ گریوال نے کہا کہ امریکہ ایک جمہوری ملک ہے۔ یہاں ہر مذہب کے رسم و رواج اور عقائد کا احترام ہونا چاہیے۔ یہ فیصلہ نہ صرف مذہبی آزادی پر حملہ ہے بلکہ جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے بھی خلاف ہے۔ ایس جی پی سی اس معاملے کا سخت نوٹس لے گی۔ امریکی سکھ تنظیموں سے حقیقی معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔ اگر کوئی شخص استثنیٰ چاہتا ہے تو درخواست دے کر منظوری حاصل کر سکتا ہے۔
اس کے باوجود، امریکی حکومت کے حالیہ اقدامات سکھوں کے لیے تکلیف دہ ہیں۔ گریوال نے کہا کہ بھارت سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے ساتھ امریکہ میں مذہبی بنیادوں پر بدسلوکی کی گئی۔ یہاں تک کہ بزرگوں کو بھی ہتھکڑیاں لگائی گئیں۔ ایس جی پی سی ٹرک ڈرائیوروں اور محنت کش سکھوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کی شدید مذمت کرتی ہے۔ میں امریکی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کسی بھی مذہبی جذبات کو ٹھیس نہ پہنچائے۔ سکھوں نے امریکہ کی معیشت اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا تھا کہ فوج میں نظم و ضبط کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ داڑھی رکھنے کی مذہبی وجوہات کو مسترد کر دیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی انتظامیہ نے فوجیوں کی بھرتی کے لیے نئے قواعد جاری کیے ہیں۔ اس کے مطابق، امریکی فوج اب 2010 سے پہلے کے قواعد پر عمل کرے گی۔ یہ نئے بھرتی ہونے والے نوجوانوں کو داڑھی رکھنے سے روکتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ