15 جون 2009 - 19:30

پاکستان کی جوہری تنصیبات اور جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے تمام اختیارات پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو سونپ دیئے ہیں۔

پاکستانی صدر آصف علی زرداری کے ترجمان فرحت اللہ بابرکے مطابق  نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا آرڈیننس چند ترامیم کے ساتھ دوبارہ جاری کر دیا گیا ہے اور اس ترمیم شدہ آرڈیننس کے مطابق ملک کے اس اہم ترین ادارے کا سربراہ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو بنا دیا گیا ہے۔صدر نے جمعہ کو اس آرڈیننس کے علاوہ ستائیس دیگر آرڈیننسز بھی دوبارہ جاری کیے تاہم اس فہرست میں قومی مفاہمتی آرڈیننس یا این آر او شامل نہیں تھا، جس کے تحت سیاسی راہنماؤں کے علاوہ سینکڑوں دیگر افراد کے جن میں بڑی تعداد میں سول اور فوجی افسران بھی شامل تھے بدعنوانی اور دیگر جرائم کے مقدمات معاف کر دیئے گئے تھے۔دریں اثناء صدر نے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد سترہویں ترمیم کو بھی ختم کر دیا جائے گا۔ اس ترمیم کے تحت صدر کو اسمبلی توڑنے کے اختیارات بھی حاصل ہیں۔