پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے راہنما صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان انتخابات میں حصہ لینے والی تمام سیاسی جماعتوں نے ان انتخابات کو دھاندلی کا شاہکار کہا ہے ۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان اور فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک نے بھی اپنی رپورٹوں میں گلگت بلتستان انتخابات میں دھاندلی کی تصدیق کی ہے ۔ صدیق الفاروق نے بتایا کہ دھاندلی کے طے شدہ پروگرام کے مطابق وزیر امور کشمیر اور گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے قائمقام گورنر جناب قمر الزمان قائرہ کی سرپرستی میں انتخابی فہرستوں کا چار مہینے کا کام صرف پندرہ دنوں میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے مفادات کے مطابق ’’مکمل‘‘ کیا گیا۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے علاوہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے بھی ضلعی انتطامیہ کے ساتھ مل کر لوگوں کو لالچ دینے اور ووٹ خریدنے کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور بیت المال کے پیسے تقسیم کئے ۔انہوں نے کہا سرکاری ملازمین کی ٹرانسفریں کی گئیں اور افسروں کی ترقیوں اور من پسند تبادلوں کو پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی حمایت سے مشروط کیا گیا۔ انہوں نے کہا ایک کرپٹ اور بدنام زمانہ رحیم درانی کو چیف الیکشن کمشنر بنا کر پنجاب سے یہاں لایا گیا اور پولنگ سے صرف چار دن قبل لوکل الیکشن کمشنر ظفر وقار تاج کو ٹرانسفر کر کے ڈی سی بنا کر گلگت سے بے دخل کر دیا گیا۔انہوں نے کہا گلگت /سکر دو میں 6 نومبر سے 12 نومبر کے درمیان بے نظیر انکم سپورٹ فارمز کے فنڈز سے نقد کی شکل میں رقم تقسیم کر دئیے گئے جس کی جی پی او گلگت اور سکر دو نے بھی تصدیق کی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) کے حلقوں کی ووٹر ز کی فہرستیں پاکستان پریس سے چھپوانے کی بجائے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے رشتہ دار ٹھیکیدار علی داد کے ذریعے سے چھپوائی گئیں جبکہ قانون کے مطابق کسی بھی پرائیویٹ پرنٹنگ پریس سے چھپوانا جرم ہے۔نادرا کو بھی پیپلز پارٹی کے حق اور مسلم لیگ کے خلاف استعمال کیا گیا ۔پوسٹل بیلٹ کا استعمال بھی پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے حق میں کیا گیا۔
15 جون 2009 - 19:30
News ID: 173051
صدیق الفاروق نے کہا کہ انتہائی افسوس ہے کہ پیپلز پارٹی کو اقتدار میں آکر گلگت بلتستان میں پہلے انتخابات کرانے کا موقع ملا تو اس نے آئین اور میثاق جمہوریت پر عمل کرتے ہوئے آزادانہ ، عادلانہ اور شفاف انتخابات کرانے کی بجائے انتخابات سے قبل اور انتخابات کے دن دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے اور اس طرح اپنے ہاتھوں اپنی ساکھ کو پامال کیا ۔